نوجوانوں کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم، بجٹ میں لیپ ٹاپ پروگرام شامل کیا جائے :شہباز شریف

نوجوانوں  کیلئے   انڈوومنٹ  فنڈ  قائم، بجٹ  میں لیپ  ٹاپ  پروگرام  شامل  کیا  جائے :شہباز  شریف

اسلام آباد(سیا سی رپورٹر،ایجنسیاں)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم،بجٹ میں لیپ ٹاپ پروگرام شامل کیا جائے۔

انڈوومنٹ فنڈسے نوجوانوں کو اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم،آئی ٹی میں مہارت کی تربیت دی جائے گی،کسان پیکیج کے تحت منصوبے برقراررہیں گے ، بجٹ میں قابل تجدید توانائی کے پراجیکٹ شامل کئے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ وظائف و تعلیم کیلئے شفافیت اور میرٹ کے عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے ،بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے منصوبے شامل کئے جائیں،پن بجلی کے منصوبوں اور توانائی کے شعبے کی جدت کیلئے بجٹ میں خصوصی رقوم مختص کی جائیں،ایسے منصوبے جو سست روی کا شکار ہو کر سالہا سال سے پی ایس ڈی پی میں شامل ہیں اور اپنی اہمیت کھو چکے ہیں انہیں اس کے دائرہ کار سے نکالا جائے ،بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرتے وقت صوبوں، متعلقہ شعبے کے سٹیک ہولڈرز اور اتحادی جماعتوں کو مکمل اعتماد میں لے کر ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے ۔اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، رانا تنویر حسین، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ مالی سال کیلئے منصوبوں کے حوالے سے تجاویز کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر بجٹ میں زرعی شعبے ، قابل تجدید توانائی، نوجوانوں کیلئے اعلی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے منصوبے ترقیاتی بجٹ کا اہم حصہ ہونگے ، آئی ٹی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے بھی منصوبے بجٹ کا حصہ ہونگے ۔علاوہ ازیں اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال میں وزیر اعظم کے کسان پیکیج اور با اختیار نوجوان پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچائے گئے ۔ اس حوالے سے 60 ہزار نوجوانوں کی اس وقت مختلف سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں انٹرنشپ فراہم کی جاری ہے جبکہ گندم کی گزشتہ دس سال کی نسبت ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی۔وزیرِ اعظم نے بجٹ 2023-24 کے ترقیاتی منصوبوں میں ملکی درآمدات کا متبادل فراہم کرنے ، برآمدات بڑھانے اور مختلف شعبوں کی جدت کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی واضح ہدایات جاری کیں۔علاوہ ازاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں ۔پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وزیرِ اعظم کو ترکیہ روانگی کے وقت رخصت کیا،وزیرِ اعظم ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر انکے حالیہ صدارتی الیکشن میں دوبارہ انتخاب پر حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے ترکیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔وہ ترک سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں