کپاس کی بھر پورپیداوار،جعلی زرعی ادویات کے انسداد کیلئے اقدامات کئے جائیں:محسن نقوی

کپاس کی  بھر پورپیداوار،جعلی  زرعی  ادویات  کے  انسداد  کیلئے   اقدامات  کئے  جائیں:محسن  نقوی

لاہور (سپیشل رپورٹر)نگران وزیر اعلی ٰپنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کپاس کی بھرپور پیداوار،جعلی زرعی ادویات کے انسداد کیلئے اقدامات کئے جائیں،کپاس کے کاشتکاروں کو اچھے نرخوں کی فراہمی یقینی بنائینگے ،معیاری زرعی ادویات کیلئے سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ،10سال بعد 45لاکھ ایکڑ پر کپاس کی فصل کاشت کرنیکا ہدف حاصل، 15جون تک 50لاکھ ایکڑ کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس کی بوائی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ محسن نقوی نے کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا اور ہدایت کی کہ کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی جائے ۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صوبہ بھرمیں جعلی زرعی ادویات کے انسداد کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اورانسپکٹر جنرل پولیس کو جعلی پیسٹی سائیڈ کیلئے کریک ڈاؤن کی نگرانی اور روزانہ میٹنگ کرنے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ 3 ڈویژن میں کاٹن سے متعلق امور کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ سیل بنائے جائیں گے اور جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جائے گا ۔کپاس کا زیر کاشت رقبہ بڑھنے سے نہ صرف فارمرخوشحال ہو گا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔انہوں نے کہا پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے پر سیکرٹری زراعت،کمشنرز اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا کہ فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا میں کپاس کی بوائی کا ہدف 100 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ملتان 96 ، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 92 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا ۔چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے بتایا کہ کاٹن فارمرز کی رجسٹریشن اور آن لائن رپورٹنگ کا سسٹم وضع کیا جا رہا ہے ۔فیلڈ اسسٹنٹ موبائل ایپ کے ذریعے کپاس کی کاشت کی نگرانی اور ایڈوائزری سروسز سرانجام دیں گے ۔کاٹن کا تصدیق شدہ بیج کاشت کرنے والے فارمرز کی جیو ٹیگنگ کی جا سکے گی۔کپاس کی فصل پر سنڈیوں کے حملے کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں گے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز آبپاشی، لائیوسٹاک، خوراک، خزانہ، کمشنر لاہور، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب لینڈ ریکار اتھارٹی،پنجاب بینک، پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ فواد مختار،سیکرٹری جنرل اپٹما شاہد ستار اور متعلقین زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سیکرٹری زراعت، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب، کمشنرز اور آر پی اوز اور دیگر زرعی ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن پر 3دن میں تمام کارروائی مکمل کرنے کاحکم دیا او رہدایت کی کہ ایل ڈی اے اراضی مالکان کو زیر التواء واجبات کی قانون کے مطابق بروقت ادائیگی یقینی بنائے ۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 11سپورٹس کمپلیکس بنا ئے جا رہے ہیں اور 2سپورٹس کمپلیکس مکمل ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں سپورٹس کمپلیکس کو چلانے کے لئے نجی شعبے کی خدمات لینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں