بنوں:فورسز پر حملہ،2جوان شہید ،2دہشتگرد ہلاک:باجوڑ میں بم دھما کا 2 جاں بحق

بنوں:فورسز  پر  حملہ،2جوان  شہید ،2دہشتگرد  ہلاک:باجوڑ  میں  بم  دھما  کا  2   جاں  بحق

راولپنڈی / باجوڑ /لاہور( دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل کرائم رپورٹر،این این آئی)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے حملہ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے جبکہ فورسز کی بھرپور جوابی فائرنگ سے 2 دہشتگرد مارے گئے ،دوسری طرف باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھما کا میں 2افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 6دہشتگرد گرفتار کر لئے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ روز فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا اور 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان میں بتایاگیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ اور حوالدار محمد انور بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ، علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ،مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ، شہید غلام مرتضی ٰ بہاولپور اور محمد انور سیالکوٹ کے رہائشی تھے ۔ دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقہ تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی چیک پوسٹ کے لیے ریت لے جانے والی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس سے ڈرائیو ر شیر ولی اورٹھیکیدار گل اعظم جاں بحق ہوگئے ۔ دوسری طرف محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)پنجاب نے مختلف اضلاع میں 39خفیہ آپریشن کئے اور اس دوران لاہور، راولپنڈی، ڈی جی خان، ساہیوال ، گوجرانوالہ سے 6 دہشت گرد وں کو گرفتار کر لیا ، ملزمان میں کالعدم تنظیم حزب التحریرکا رکن شعیب رفیق،کالعدم سپاہ محمد پاکستان کا محمد باقر مہندی،کالعدم بلو چ لبریشن آرمی کے 2کارکن ظاہر شاہ اور محمد شہزاد،جماعت الحرارکا محمد افضل اور کالعدم ٹی ٹی پی کادہشتگرد آصف شامل ہے ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ،دھماکہ خیز مواد ،دستی بم ،آئی ای ڈی بم،سیفٹی فیوز وائر 6 فٹ، ممنوعہ کتب ،کالعدم تنظیم کے پمفلٹ، جھنڈے و دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ،ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں