وفاقی ، نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع ہو سکتی :احمد محمود

 وفاقی ، نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع ہو سکتی :احمد محمود

لاہور (سپیشل رپورٹر)سابق گورنر پنجاب و پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدرسید مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن کے لئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے کمیٹی بنا دی گئی۔

اگلے الیکشن سے قبل وفاقی اور نگران حکومتوں کی مدت میں چھ چھ ماہ کی توسیع ہو سکتی ہے ، ہم کسی لوٹے کو نہیں لے رہے بلکہ اپنے ہی لوگوں کو واپس لے رہے ہیں، پی ٹی آئی  چھوڑنے والوں پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا ۔ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے مخدوم احمد محمود نے مزید کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کمیٹی کا ابھی تک کوئی اجلاس نہیں ہوا ،کوئی کنگز پارٹی بنانے کی کوشش نہیں ہو رہی، پہلے بدتمیزی اور قبضے والی سیاست تھی جو اب دور ہو چکی ، اب ہر کسی کو لیول پلئینگ فیلڈ ملے گی ۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ9 مئی کے واقعات افسوسناک ہیں ، یہ سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک پر حملہ تھا، پی ٹی آئی کا ووٹر اب مسلم لیگ ن کی طرف نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کی طرف مائل ہو رہا ہے ۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی مضبوط پارٹی ہے لوگ ہم پر اعتماد کرتے ہیں بلاول اور آصف زرداری نے ہمیشہ ذاتیات سے ہٹ کر ملک کی بات کی ،حکومت کو اعلان کرنا چاہئے زمینداروں کو عالمی مارکیٹ کی مطابق اجناس کی قیمت ملے گی تو معیشت بہتر ہو گی ،فوجی عدالتیں پہلے سے قانون میں موجود ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں