زرداری سے ملاقاتیں، مزید 3رہنما پیپلزپارٹی میں شامل ، لاہور میں جلسے کی تیاریاں

زرداری سے ملاقاتیں، مزید 3رہنما پیپلزپارٹی میں شامل ، لاہور میں جلسے کی تیاریاں

لاہور،ملتان(سپیشل رپورٹر،این این آئی، خبرنگارخصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے لاہور میں وسطی پنجاب کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں جاری، مزید 3شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

 جبکہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزرا منظور آفریدی، فضل الٰہی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ ودیگر کے ہمراہ آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی ۔دوسری طرف پیپلزپارٹی نے لاہور میں بڑے جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے تیاریاں بھی شروع کر دیں ۔ تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری سے گزشتہ روز بھی سیاسی شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا ، این اے 74 گوجرانولہ سے چودھری علی اشرف وڑائچ ،این اے 79 حافظ آباد جلال پور بھٹیاں سے چودھری انصر ،پی پی 58 گوجرانوالہ سے چودھری حارث میراں نے بھی ان سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ علاوہ ازیں آصف زرداری سے پیپلز پارٹی ملتان کے جنرل سیکرٹری و پی پی 213 کے امیدوار راؤ ساجد علی نے بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ، اس موقع پر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دروازے ہر محب وطن کے لئے کھلے ہیں، ابھی تو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کی ابتدا ہوئی اس وقت پوری قوم کی توجہ پیپلز پارٹی کی طرف ہے ، بہت جلد سرائیکی وسیب کی اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گی۔ دریں اثنا آصف علی زرداری نے ندیم شہادت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ میں سابق ایم این اے شہادت بلوچ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا جبکہ پیپلزپارٹی نے سابق وزیر اعظم بینظیر شہید کی 70ویں سالگرہ پورے جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کی ہدایت پر پیپلز پارٹی لاہور نے بڑے جلسے کی تیاریاں شروع کر دیں، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے گزشتہ روز جلسے کی جگہ کیلئے مختلف مقامات لبرٹی چوک،موچی دروازہ اور ناصر باغ کا پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ دورہ کیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے اسلم گل نے کہا جلسے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔دریں اثنا گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے وفد کے ہمراہ آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی اس دوران خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں سیاسی استحکام و ملکی ترقی کیلئے متحد ہو کر کوششیں کرنے پر زور دیا گیا۔ مزیدبراں گورنرپختونخوا نگران صوبائی وزراء کے ہمراہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ پر بھی گئے اور انہوں نے ایاز صادق سے انکے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور اظہار افسوس کیا۔ علاوہ ازیں گورنر نے دورہ لاہور کے دوران بزنس کمیونٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ ادھر نیئر بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سہاروں اور بیساکھیوں پر کھڑا کیا جانے والا چیئرمین پی ٹی آئی قصہ پارینہ ہو چکا ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں