بغاوت کرنیوالوں کو معافی ملے گی نہ سیاست کا حق :رانا ثنا

بغاوت کرنیوالوں کو معافی ملے گی نہ سیاست کا حق :رانا ثنا

فیصل آباد (نیوزرپورٹر، صباح نیوز، آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ و صدر مسلم لیگ (ن)پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے منظم منصوبہ بندی کے تحت 9مئی کو ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے۔۔۔

 سرکشی اور بغاوت کی لہذا ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کرنیوالوں کو کسی صورت معافی ملے گی نہ انہیں سیاست کرنے کا حق ہوگا، الیکشن ہر حال میں ہوں گے لیکن فتنہ ملکی سیاست سے مائنس ہوگا، جن لوگوں کی صرف معمولی خطا ہے انہیں معاف کرنے بارے سوچا جاسکتا ہے ۔ وہ امین پور بنگلہ روڈ رورل ہیلتھ سنٹر کے قریب نادرا اور پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب،میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم پریس کانفرنسز کرکے آنکھوں میں دھول جھونکنے والوں سمیت ان لوگوں کو قانون کے پیچھے چھپنے نہیں دینگے ، جو لوگ اپنے آپ کو ان واقعات سے الگ کریں گے اور ان کا جرم صرف زبانی کلامی ہے انکو معافی مل سکتی ہے لیکن جن کی ویڈیوز یا آڈیوز ہیں وہ ناک سے لکیریں بھی نکالیں گے تو انکو معافی نہیں ملے گی ۔ رانا ثنا اللہ خطاب کے دوران کرنل شیر خان کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون، آئین اور ووٹ کی طاقت سے فتنے (چیئرمین تحریک انصاف )کو ملکی سیاست سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مائنس کردیں گے ،پی ٹی آئی اپنے کردارکے بعدسیاسی طورپرمرچکی ،عام انتخابات سے قبل اس کی تدفین ہوگی ، 2018میں پی ٹی آئی میں جانے اوراب اُس کا سیاسی مستقبل دیکھ کرگناہ کبیرہ کی معافی مانگنے والے پرندے نئے گھونسلے تلاش کررہے ،اُن کے لئے مسلم لیگ ن میں کوئی جگہ نہیں ۔ نظام عدل میں تیزرفتاری سے ہونے والی ضمانتیں تنصیبات پرحملہ کرنے والوں کے لئے معافی کے مترادف ہیں ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں