اووسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضہ کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا: محسن نقوی

اووسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضہ کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا: محسن نقوی

لاہور (سیاسی رپورٹرسے) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردیں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی یا جائیداد پر قبضہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ آئی جی پولیس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے سسٹم کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کریں۔ محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ تمام کمشنرز،آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز متعلقہ شہروں میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انتظامی و پولیس افسروں کو ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات دور کرکے ہر ماہ وزیر اعلیٰ آفس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر شکایت کے ازالے پر ہونے والی پیشرفت سے متعلقہ اوورسیز پاکستانی کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹائم فریم بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر شکایت کو کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے ۔پورٹل، فون یا بذریعہ ڈاک آنے والی شکایات پر روایتی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آفس میں بھی متعلقہ افسروں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کو مانیٹر کریں گے ۔اوورسیز پاکستانی بیرون ملک وطن کے سفیر ہیں اور ان کی شکایات کا فی الفور ازالہ ہماری ذمہ داری ہے ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے لودھراں میں طالبہ سے زیادتی اور ویڈیو بنانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ۔انہوں نے کہا ہے کہ طالبہ سے زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزم قانون کے تحت کڑی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ طالبہ سے زیادتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں