امید ہے کہ سیاسی جماعتوں میں تقسیم کے خاتمے اور پورے ملک میں ایک تاریخ پر انتخابات کے لیے اتفاق ہوجائیگا: سیاسی مسائل کا حل مذاکرات: سپریم کورٹ

امید ہے کہ سیاسی جماعتوں میں تقسیم کے خاتمے اور پورے ملک میں ایک تاریخ پر انتخابات کے لیے اتفاق ہوجائیگا: سیاسی مسائل کا حل مذاکرات: سپریم کورٹ

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ایک دن انتخابات کرانے کے کیس کی 5مئی کی سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا سیاسی مسائل مذاکرات سے بہتر حل ہوسکتے ہیں۔

امید ہے کہ سیاسی جماعتوں میں تقسیم کے خاتمے اور پورے ملک میں ایک تاریخ پر انتخابات کیلئے اتفاق ہو جائیگا ،عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات پر اتفاق رائے کیلئے پرامید جماعتوں کی سیاسی مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش قابل ستائش ہے ، سیاسی مسائل مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہو سکتے ہیں، توقع ہے سیاسی جماعتیں تقسیم کے خاتمے اور ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہو جائیں گی،عدالت عظمیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں نے مذاکراتی عمل پر رپورٹس جمع کرائیں، سعد رفیق نے بتایا کہ ایک ساتھ انتخابات کرانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے ، انہوں نے کہا مذاکرات جاری رہے تو تاریخ پر اتفاق ہو جائے گا، شاہ محمود قریشی نے جواب میں مذاکرات میں پیشرفت پر مایوسی کا اظہار کیا، مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے ۔

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے کے الیکٹرک کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ عدالت معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ کے الیکٹرک کی نجکاری کا معاملہ ہائی کورٹ میں اٹھانے کے بارے اپنے موکل سے مشورہ کرے ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہم کے الیکٹرک کی نجکاری کے معاملے میں، مداخلت نہیں کریں گے ، ویسے بھی پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ کے براہ راست اختیار سماعت کے بارے آئینی شق آرٹیکل 184/3 سے متعلق دو قوانین بنائے ہیں، آپ چاہیں تو اس معاملے میں متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کے الیکٹرک کی نجکاری کو 18 سال ہو چکے ہیں، پرانے مقدمات اس لیے سماعت کیلئے مقرر کر رہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں کہ اس میں کوئی لائیو ایشو تو نہیں ؟درخواست گزار کے وکیل نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ انھیں اپنے موکل سے ہدایات لینے کیلئے وقت دیا جائے ،عدالت نے استدعا مسترد کردی اور چیف جسٹس نے کہا اگلے ہفتے سے عدالتی تعطیلات شروع ہورہی ہیں اور جج پرنسپل سیٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے ، آئندہ ہفتے جج صاحبان متعلقہ رجسٹریوں میں مقدمات سنیں گے ،عدالت نے سماعت آج منگل تک ملتوی کرتے ہوئے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اس دوران اپنے موکل سے مشورہ کرلیں ،دوران سماعت ایک اور وکیل نے کے ایس سی لیبر یونین کا معاملہ بھی اٹھایا ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں