اکیلا ہی کافی ہوں کہنے والا آج اکیلا بیٹھا رو رہا : نواز شریف کی سیاست ختم کرنیوالی جماعت کرچی کرچی: مریم نواز

اکیلا ہی کافی ہوں کہنے والا آج اکیلا بیٹھا رو رہا : نواز شریف کی سیاست ختم کرنیوالی جماعت کرچی کرچی: مریم نواز

باغ (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی۔

 بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے ۔جو کہتا تھا میں انکو رلائوں گا اور میں اکیلا ہی کافی ہوں آج اکیلا ہی بیٹھا رو رہا ہے ۔جو ہمارے شہدا کی توہین کرتا ہے ہم بھی اس کا احترام نہیں کریں گے ۔پیر کو باغ آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا خالص کشمیری ہیں کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا موجود ہیں۔انہوں نے کہا جو شہدا کی بے حرمتی کرے وہ ہم میں سے نہیں ہے ، اگر وہ ہم میں سے نہیں ہو سکتا تو پاکستانی بھی نہیں ہو سکتا۔کوئی جتنا بھی پرتشدد اور غصے میں ہو، کوئی پاکستانی اپنے ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کر سکتا، 9 مئی کو جو ہوا شہدا کے والدین کی آنکھوں میں جو آنسو آئے پوری پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر اس پر شرمندہ ہے ، ہم شہدا کے اہل خانہ کے سامنے نظریں اٹھانے کے قابل نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا وہ شخص جو بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے سن لے ، پاکستانی قوم کبھی اسے معاف نہیں کرے گی، کشمیری اس کو عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے صرف پاکستان اور اس کی دفاعی تنصیبات کو آگ نہیں لگائی بلکہ ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر یہ شخص کشمیر کا سودا بھی کرکے آیا تھا۔انہوں نے کہا جلاؤ گھیراؤ اور انتشار، نفرت اور فتنہ بازی کی سیاست سے چیئرمین پی ٹی آئی یاد آتا ہے ، جس کے پاس کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ نہیں ہوتا تو وہ شخص یہ حرکتیں کرتا ہے ۔ان کا کہنا تھا 2021 میں دھاندلی کرکے جس جماعت کو آزاد جموں و کشمیر پر مسلط کیا گیا تھا وہ جہاں سے آئی تھی وہاں واپس چلی گئی ہے ، جس نے مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کی کوششیں کی، مسلم لیگ (ن)تو نہیں ٹوٹی لیکن اس جماعت کی آج کرچیاں بھی دیکھنے کو نہیں ملتیں۔مریم نواز نے کہا آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم اس کیخلاف گواہی دے رہا ہے کہ 9 مئی کے حملے کا منصوبہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بنایا تھا۔انہوں نے کہا نواز شریف نے خود تکالیف برداشت کیں لیکن پاکستان پر کبھی آنچ نہیں آنے دی، نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتا ہے ہر جگہ ترقی نظر آتی ہے ۔انہوں نے کہا جو کہتا تھا اکیلا ہی کافی ہوں آج کل صبح و شام، رات کو روتا ہے ، جس کو رلانا تھا وہ مسلم لیگ (ن) آج ڈٹ کر کھڑی ہے ۔مریم نواز نے کہا آج تک کسی نے مسلم لیگ کے وزیراعظم آزاد کشمیر پر بدعنوانی کا الزام نہیں لگایا، ترقی، اچھی سڑکیں، اچھے کالج، یونیورسٹیز باغ والوں کا حق ہے ، مشتاق منہاس کو ووٹ دیں باغ میں دل کے ہسپتال کو مکمل کرائیں گے ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کو مٹانے ، نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والے کئی آئے اور چلے گئے ،مسلم لیگ ن اور نواز شریف آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے ،وہ وقت دور نہیں جب ہر طرف نواز شریف کا نام ہی گونجے گا، نواز شریف کی واپسی پر 2017 سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو گا ، عوام سے کہا کہ 8 تاریخ کو شیر پر مہر لگانی ہے ۔ دوران خطاب بارش ہونے پر مریم نواز نے اپنے اوپر سے چھتری ہٹوادی اور کہا میرے بھائی بارش میں کھڑے ہوں گے تو میں بھی بارش میں کھڑی ہوں گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں