یار محمد رند، رانا نذیر، غضنفر چھینہ ، نوریز شکور سمیت مزید 7رہنما پی ٹی آئی سے الگ

یار محمد رند، رانا نذیر، غضنفر چھینہ ، نوریز شکور سمیت مزید 7رہنما پی ٹی آئی سے الگ

اسلام آباد، کوئٹہ(اپنے رپورٹرسے، نیوز ایجنسیاں)سینئر سیاستدان رکن صوبائی اسمبلی سر دار یار محمد رند سمیت مزید 7 رہنمائوں نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر لی۔

سینئر سیاستدان رکن صوبائی اسمبلی سر داریارمحمد رندنے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے لا تعلق ہوں ،آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت سے طے کرونگا،آصف علی زرداری سے ذاتی مراسم ہیں لیکن ابھی انکے پاس رش ہے ، جب وہ یاد کریں گے تو ان کے ساتھ بیٹھیں گے ، وزیراعلیٰ اچھے انسان ہیں ان سے احترام کا رشتہ ہے لیکن وہ سب کچھ کر رہے ہیں جو وہ نہیں کرنا چاہتے ،کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے یار محمد رند نے کہا کہ کچھی میں سردار خان رند کے قافلے پر دھماکا مجھے پتہ ہے کہ واقعہ کس نے کروایا۔واقعہ کے پیچھے کون سی طاقتور قوتیں ہیں ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما رانا نذیر احمد نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے وطن عزیز پاکستان صہیونی طاقتوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے ، پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ غلط تھا،ریاست مدینہ بنانے کے کھوکھلے نعرے کے جھانسے میں آگیا تھا، نومئی کے واقعات افسوسناک ہیں، پی ٹی آئی ان واقعات میں ملوث ہے ،آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مشاورت سے کرونگا، 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں،جو کام دشمن 75 سالوں میں نہیں کر سکا وہ اپنوں نے کیا ہے ۔9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی دانستہ طور پر ملوث تھی، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں کی مشاورت سے کرونگا۔چھینہ گروپ کے سربراہ ملک غضنفرعباس چھینہ نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

ویڈیو بیان میں بھکر سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی ملک غضنفر علی چھینہ نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا افواج پاکستان کی عزت و تکریم ہمارے لیے بہت اہم ہے ۔ 9مئی کے واقعات سے ملک میں انتشار پیدا ہوا۔ملک غضنفرعباس چھینہ نے کہا کہ سوچ بچار کے بعد پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر رہا ہوں اورآئندہ کا لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت سے طے کروں گا۔رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاداعوان نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاداعوان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے مجھے بے پناہ عزت دی،سب کا مشکور ہوں، بغیرکسی دباؤکے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں،جلاؤگھیراؤمیں ملوث افراد کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو،عبرت ناک سزاملنی چاہیے ۔9مئی کے واقعات قابل مذمت ہیں،افواج پاکستان قوم کی محافظ ہیں۔ تحریک انصاف کی سابق رکن صوبائی اسمبلی سبین گل نے سیاست سے کنارہ کشی اور ملتان سے ٹکٹ ہولڈر شازیہ عباس کھاکھی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔سبین گل کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ میں نے ہمیشہ پرامن سیاست کی ہے اور میں کبھی جلاؤ گھیرا ؤکا حصہ نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیرا ؤکی مذمت کرتی ہوں، بریسٹ کینسر کی مریضہ ہوں اور سیاست جاری نہیں رکھ سکتی۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں سابق وفاقی وزیر وپی ٹی آئی کے رہنما چودھری نوریزشکور نے موجودہ سیاسی حالات میں سیاست سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں نے پی ٹی آئی 13سال قبل جوائن کی تھی کہ اس ملک کی خدمت کریں گے ، غریب کابھلا ہوگااورملک ترقی کرے گا لیکن انڈر19کی ٹیم نے نہ عمران خان نہ پارٹی اور نہ کسی کو کوئی کام کرنے دیا جو کچھ ہوا وہ آپ کے سامنے ہے جس کے نتائج ہم سب بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ9مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں