فیصل آباد :وزیر توانائی نے گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

 فیصل آباد :وزیر توانائی نے گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور،فیصل آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اب شرپسندوں اور ملکی ترقی کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

 جنہوں نے 2018 سے 2022 تک ملک کا ستیاناس کرکے اسے ڈیفالٹ کی حد تک پہنچایا انہیں دوبارہ سیاست میں آنے اورقوم کی قسمت سے کھیلنے کا موقع نہیں دیا جا ئے گا، سی پیک ملکی تقدیر بدلنے سمیت خطہ میں گیم چینجر ثابت ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیانوالہ انٹر چینج فیصل آباد کے قریب 500/132 کے وی گرڈ سٹیشن علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،قبل ازیں انہوں نے 22 ایکڑ رقبے پر مشتمل گرڈ سٹیشن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ گرڈ سٹیشن چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے منصوبوں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی کی 600میگاواٹ بجلی کی ضروریات کرے گا۔ انجینئر خرم دستگیر نے مزید کہا کہ یہ گرڈ سٹیشن 20 ارب روپے کی لاگت سے جنوری 2025 تک مکمل کیا جائے گا اور اسکے ساتھ گٹی غازی بروتھا سے ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی ، این ٹی ڈی سی اس منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرے ۔ خرم دستگیر نے کہا کہ چینی سرمایہ کار یہاں بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں،ہم ان سرمایہ کاروں کو گیس اور وافر بجلی فراہم کریں گے تاکہ ان کی انڈسٹریاں چلیں اور ہمارے نوجوانوں کو بہترین روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں