سپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم بچوں کی معاون آلات کی تقسیم: سرکاری سکولوں کی حالت بہت خراب : محسن نقوی
لاہور، میانوالی(سیاسی رپورٹر سے ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔سپیشل بچوں کو معاون آلات کی تقسیم کے پراجیکٹ کا بھی آغاز کر دیا۔
پراجیکٹ کا آغازکرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سپیشل بچوں کا خیال رکھنا ہمارا دینی اور دنیاوی فرض ہے ۔محکمہ سپیشل ایجوکیشن کیلئے جو بھی کرنا پڑا فرض سمجھ کر کریں گے ۔سپیشل ایجوکیشن کے ہر پراجیکٹ کو بلا تاخیر منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا گورنمنٹ پائلٹ سکو ل وحدت روڈ کا دورہ کیا، حالات دیکھ کر ذاتی طور پربہت تکلیف ہوئی، سکول میں 1650بچے ہیں، 60ٹیچرز میں سے 35الیکشن کمیشن کی ڈیوٹی اور باقی چھٹیوں پر ہیں، صرف 10سے 15ٹیچرز پڑھا رہے ہیں، سکول کا معیار انتہائی ابتر ہے ، اگر کلاس میں ٹیچرز آئیں تو موبائل پر لگے رہتے ہیں یا سوجاتے ہیں، فلٹریشن پلانٹ کو چیک کیا تو بچوں کو پانی کے نام پر زہر پلایا جارہا تھا۔محکمہ تعلیم میں ساڑھے پانچ لاکھ ملازمین ہیں،سکولوں کی حالت بہت خراب ،سکول ٹھیک نہیں کر سکتے یا اس طرح سے چلانے ہیں تو بند کر دئیے جائیں۔ ہماری بھی یہ ناکامی ہے کہ ہمیں 8ماہ ہو گئے ہیں اوراس سکول کا آج پتہ چلا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے سپیشل بچوں کو وہیل چیئرز،ہیئرنگ ایڈ اور سفید چھڑی دی جبکہ آشوب چشم کے ایس او پیز کا جائزہ بھی لیا۔ نگران وزیر اعلیٰ میانوالی میں عیسٰی خیل کنڈل چیک پوسٹ پر د ہشت گردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار ہارون الرشید خان کی رہائشگاہ پہنچ گئے ، ان کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی اور بچوں سے پیار کیا۔جوانوں کاحوصلہ بڑھانے کیلئے کنڈل چیک پوسٹ کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے رہائشگاہ جانے والی سڑک کو شہیدہارون الرشید خان کے نام سے منسوب کرنے کااعلان انہوں نے کہا شہید ہارون الرشید خان کے دونوں بچوں کو بہترین سکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا۔ پنجاب حکومت تعلیم کے اخراجات ادا کرے گی۔وزیراعلیٰ نے چیک پوسٹ کنڈل کے ارد گرد حفاظتی دیوار بنانے کا حکم دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا- سنٹر پوائنٹ تا ڈیفنس موڑ سگنل فری کوریڈور بننے سے شہریوں کوآمدورفت میں سہولت ملے گی۔