مریم نواز نے تمام کھالے پکے کرنے اور سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کی منظوری دیدی

مریم نواز نے تمام کھالے پکے کرنے اور سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کی منظوری دیدی

لاہور(سپیشل رپورٹر)سرسبز پنجاب، خوشحال کاشتکاروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا آئندہ 5سالوں میں تمام کھالے پکے کرنے کا حکم ۔کسانوں کے لئے انقلابی و تاریخی اقدامات صوبے بھر کے تمام کھا لے پکے کر نے کے پروگرام اور سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی۔

اس ضمن میں پہلے مرحلے میں دو سال کے اندر10 ارب کی لاگت سے 1200 کھالے پختہ کیا جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں 7ہزار کھالے پکے کیے جائینگے ۔25 ایکڑ زمین تک رکھنے والے کاشتکاروں کو دو سال میں سولر سسٹم مہیا کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں متعدد زرعی پراجیکٹس کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری زراعت نے ایگریکلچر سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو 60فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ کاشتکاروں کوایک ہزار لیزر لیولر اگلے 6 ماہ میں دئیے جائینگے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیج کی پیداوار 4 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 6 لاکھ ٹن تک کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے تعاون سے سویابین سیڈ کی ایک لاکھ ایکڑ ایریا پر کاشتکاری کی تجویز پر غورکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہائی ٹیک زرعی مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹی ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔اجلاس میں سموگ کنٹرول کرنے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے بچانے کیلئے رائس سٹرا شیڈر مشین پر ٹیکس ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہواجس میں گزشتہ دور حکومت کے دوران پنک راک سالٹ کی غیر قانونی طور پر الاٹمنٹ پر کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پنک راک سالٹ کی خام حالت میں برآمد پر پابندی کی تجویز اور پنک راک سالٹ سے بہتر ریونیو حاصل کرنے کیلئے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری لگانے کی پلاننگ پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس پر جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ محکمہ معدنیات میں کرپشن پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے ۔وز یراعلیٰ مریم نوازشریف نے چنیوٹ میں خام لوہے کی مائننگ کا پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے 7 روز میں جامع پلان طلب کرلیا اور مائنز اینڈ منرل لیبر کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے 25 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔مریم نے کہاکہ معدنیات کی نیلامی میں انٹرنیشنل سرمایہ کاروں کو بھی مدعو کیا جائے ، ملکی ذخائر کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت نہیں ہونے دیں گے ، صرف اوپن آکشن کے ذریعے نیلامی ہوگی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مواقع پیدا کریں گے اور فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ صوبہ میں لائیں گے ، مائنز اور منرلز ڈیپارٹمنٹ کی 18ڈویلپمنٹ سکیموں کیلئے فنڈز فوری فراہم کئے جائیں گے ۔

مریم نوازشریف نے مارگلہ ہلز سے لائم سٹون نکالنے والے ٹھیکیداروں سے 4ارب روپے کے بقایاجات کی ریکوری کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کی انکم میں اضافہ کا پلان طلب کرلیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صبح سویرے لاہور رنگ روڈسدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور ایس ایل تھری پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے رنگ روڈ ایس ایل فور کی تعمیر کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ ایس ایل 4 مراکہ سے شرق پور انٹر چینج ایم تھری بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اڈا پلاٹ سے مراکہ ملتان روڈ تک پور ے رنگ روڈ کی سائٹ کامعائنہ کیا اور ملتان روڈ پر لاہور رنگ روڈ انٹر چینج پر مقامی پود ے لگانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری سے عوام کو آمد و رفت میں آسانی ہو گی۔مریم نواز نے بنیادی مرکز صحت شامکے بھٹیاں اپ گریڈ یشن پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ آٹھ دن میں شامکے بھٹیاں بی ایچ یوکی اپ گریڈیشن کا پائلٹ پراجیکٹ مکمل کیا گیا۔اپ گریڈیشن کے بعد تیار بی ایچ یو کے ہر شعبے کا معائنہ کیا۔ فرنٹ ڈیسک،ویٹنگ روم،وارڈ، نرسنگ کاؤنٹر،ڈاکٹر آفس اورسٹورکا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر، سٹاف اور مریضوں سے بات چیت،صورتحال کے بارے دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے عقب میں رہائش گاہوں کا بھی معائنہ کیا اور بوسیدہ رہائش گاہوں کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں