پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور، اسلام آباد سمیت پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔

لاہور، ملتان، راجن پور، سرگودھا اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارت سے شروع ہونے والے بارش کے نظام میں شدت آنے کی توقع ہے، جس سے آج  وسطی اور شمالی پنجاب میں بڑے پیمانے پر بارش کا امکان ہے ۔

سندھ کے اضلاع جیکب آباد اور شکارپور میں بھی بادل برسے جبکہ  اسلام آباد ، مری ، ایوبیہ نتھیا گلی چھانگلہ گلی باڑیاں میں بھی بارش ہورہی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہ سکتا ہے، گلیات مری میں  بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے۔

اسی طرح بارشوں کا نیا سلسلہ ایک بار نیلم آزاد کشمیر میں داخل ہوگیا، صبح سے شروع ہونیوالی بارش نے موسم کو مزید سرد کر دیا ، شاہراہ نیلم چلہانہ تا شاردا ٹریفک کے لیے کھلی ہے جبکہ کیل شیخ بیلہ کے مقام پر آنے والی سلائیڈ کو صاف کرنے کا عمل کل سے جاری ہے ۔

ادھر بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ژالہ باری بھی ہوئی ، بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی ، نوشکی میں آسمانی بجلی گرنے سے تین خواتین زخمی ہوگئیں ۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے تیسرے سپیل کے دوران مجموعی طورپر 21 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 7 مرد، 7 خواتین اور 6 بچے جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 4 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔

 خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ سے وقفے وقفے سے جاری ہے ، بارش کا یہ سلسلہ 29اپریل تک جاری رہنےکی پیشگوئی کی گئی ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پشاور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ جبکہ سب سےزیادہ بارش مالم جبہ میں25 ملی میٹر ریکارڈہوئی۔

سوات،بونیر، دیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف اضلاع میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے ، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اورپیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ  آج اسلام آباد، پنجاب، شمالی مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں