جڑانوالہ میں بھی خواجہ سراؤں کا پولیس پر حملہ،2 اہلکار زخمی

فیصل آباد:(دنیا نیوز) کھاریاں کے بعد جڑانوالہ میں بھی خواجہ سراؤں نے مسلح افراد کے ہمراہ پولیس پر حملہ کردیا ، حملے میں دواہلکار زخمی ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق خواجہ سراؤں کے ہمراہ ڈنڈوں سوٹوں سے لیس ملزمان نے پولیس کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے بچیانہ میں لگے میلے میں فحش ڈانس اور لاؤڈ سپیکر کی شکایت پر چھاپہ مارا تھا، اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمان نے مشتعل ہوکر حملہ کردیا، حملے میں ہیڈ کانسٹیبل اکمل، کانسٹیبل عاطف زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب پولیس پر تشدد کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی، ملزمان کو ڈنڈوں کے ذریعے پولیس اہلکاروں پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے 9 نامزد، 40 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا کہ تشدد کے بعد ملزمان نے دونوں اہلکاروں کو ایک کمرے میں بند کردیا، ایلیٹ فورس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پولیس ملازمین کو بازیاب کروایا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں