سپیس ٹیکنالوجی کیساتھ طلبہ کو علم فلکیات سے متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے سپیس ٹیکنالوجی کے ساتھ سکولوں کے بچوں کو علم فلکیات سے متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں علم فلکیات کی ترویج پر کام شروع کردیا، سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردیں، اسلام آباد کے سکولوں میں بڑی ٹیلی سکوپس نصب کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں بطور پائلٹ ایک سکول میں بڑی ٹیلی سکوپ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ٹیلی سکوپ سے 27 مئی کو سکولوں کے بچوں کو چاند کا مشاہدہ کروایا جائے گا، ٹیلی سکوپ سیشن میں سرکاری سکولوں کے طالبعلم خلاء اور سیاروں کا مشاہدہ کرسکیں گے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سے 12 سکولوں کے طالب علموں کو بڑی ٹیلی سکوپ سے مشاہدہ کروایا جائے گا، 27 مئی کی رات 9 سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان چاند، ستاروں اور آسمان کا مشاہدہ کیا جاسکے گا، ٹیلی سکوپ سیشن میں بچوں کے ساتھ اساتذہ اور بچوں کے والدین شرکت کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دن کے اوقات میں بچوں کو سولر چشموں سے سورج کا مشاہدہ بھی کروایا جائے گا، گرمی کی چھٹیوں کے بعد کوشش ہوگی ہر پرائمری سکول میں ایک بڑی ٹیلی سکوپ مہیا کی جاسکے۔

سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ بچوں کو کائنات کے علوم سے روشناس کروایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں