پی ٹی اے کا صارفین کو موبائل فون خریدتے وقت ہوشیار رہنے کا انتباہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کیلئے انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ مارکیٹ سے موبائل فون خریدتے وقت ہوشیار رہیں۔

پی ٹی اے نے کلونڈ یا ڈپلیکیٹ موبائل ڈیوائسز سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ عوام موبائل ڈیوائس خریدتے وقت محتاط رہیں! ہمیشہ اپنے قابل اعتماد ذرائع سے فون خریدیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ فون وارنٹی شدہ ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کہنا تھا کہ باکس پیک فونز خریدیں، باکس پر پی ٹی اے سٹیمپ چیک کریں، موبائل کے باکس اور فون پر موجود آئی ایم ای آئی نمبر ایک جیسے ہونے چاہئیں۔

پی ٹی اے نے ہدایت کی کہ صارفین ویب سائٹ https://dirbs.pta.gov.pk/ پر اپنی ڈیوائس کی تصدیق کریں، 8484 پر IMEI ٹیکسٹ کریں، یا DVS ایپ استعمال کریں۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ مہنگی ڈیوائسز انتہائی کم قیمت یا بغیر وارنٹی خریدنے سے گریز کریں، ہمیشہ باکس پیک موبائل ڈیوائس کی خریداری کو یقینی بنائیں، اگر کوئی شخص سکیم کا شکار ہو چکا ہے تو ایسی صورت میں وہ وینڈر سے رابطہ کریں اور ایف آئی اے کو اس کی اطلاع دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں