چیئرمین واپڈا کا گریٹر کراچی بلک واٹرسپلائی سکیم کے فور پراجیکٹ کا دورہ

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (کے فور) پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

چیئرمین واپڈا سجاد غنی نے ان ٹیک اور پمپنگ سٹیشنز سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا، منصوبے کی ہدف کے مطابق تکمیل کیلئے تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔

سجاد غنی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پراجیکٹ کے پاور سسٹم کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ فریقین سے مؤثر رابطہ برقرار رکھیں۔

جنرل منیجر پراجیکٹس ساؤتھ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ کے فور پراجیکٹ کا 46 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

پراجیکٹ حکام نے بریفنگ دی کہ کے فور منصوبے کی تعمیر پر اب تک 59 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں، کےفور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کا پی سی ون 126 ارب روپے پر مشتمل ہے۔

چیئرمین واپڈ کو بریفنگ دی گئی کہ کے فور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل دسمبر 2025 میں شیڈول ہے، منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل درکار فنڈز کی بروقت فراہمی پر منحصر ہے۔

حکام نے بتایا کہ کے فور پراجیکٹ دو مراحل میں تعمیر کیا جا رہا ہے، زیرتعمیر پہلے مرحلے سے کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا سکے گا، کے فور کے دوسرے مرحلے کی بدولت کراچی کو یومیہ 390 ملین گیلن مزید پانی مہیا کیا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں