ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ: سری لنکن ویمنز نے پاکستان کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی

دمبولا: (دنیا نیوز) ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔

سری لنکن ویمنز ٹیم نے 141 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا، چماری اتھاپتھو 63 رنز کیساتھ نمایاں رہیں، سری لنکن ٹیم کل فائنل میں بھارت کیساتھ مقابلہ کرے گی۔

قبل ازیں سری لنکا کے شہر دمبولا میں ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ہونیوالے ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں سری لنکن ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، پاکستان ویمنز کی جانب سے منیبہ علی 37 اور گل فیروزہ 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

فاطمہ ثناء اور کپتان ندا ڈار نے 23، 23 رنز بنائے، عالیہ ریاض نے 16 اور سدرہ امین نے 10 رنز بنائے۔

سری لنکن ویمنز ٹیم کی جانب سے ادیشکا پرابدھنی اور کاویشا دلہاری نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں