ایرانی صدر کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر مل گیا، ایرانی میڈیا

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہونیوالے ہیلی کاپٹر مل گیا ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ایران اور آزربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کرکے واپس آرہے تھے، ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے ساتھ سینیئر حکام بھی سوار تھے۔

ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی کا کہنا ہےکہ ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے جولفہ کے قریب سرچ آپریشن جاری ہے، خراب موسم کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے ایک ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی، دشوارگزار علاقے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، صدرکے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن کچھ مواصلاتی مشکلات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، سپریم کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری

سرکاری میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، مشرقی آذربائیجان کےگورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدرکے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر لوگوں کو لیکر جانے والے ہیلی کاپٹر کی خبر سن کر گہری تشویش ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ صدر رئیسی کی صحت و سلامتی کیلئے دل سے دعا گو ہوں تاکہ وہ ایرانی قوم کی خدمت کرتے رہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے متعلق خبر تشویشناک ہے، ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ایرانی صدر اور ایرانی قوم کیساتھ ہیں، ایرانی صدر سے متعلق اچھی خبر کا انتظار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں