2018ء میں کھیلا گیا کھیل سانحہ مشرقی پاکستان سے کم نہ تھا: احسن اقبال

شکر گڑھ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں کھیلا گیا کھیل سانحہ مشرقی پاکستان سے کم نہ تھا۔

رہنما ن لیگ اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان میں ملکی جغرافیہ توڑا، سانحہ2018ء نے معاشی مستقبل تباہ کیا، قوم سانحہ 2018ء کی سازش کے کرداروں کا احتساب چاہتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وہ کردار بتائیں کہ انہوں نے سی پیک اور معاشی ترقی کے سفر کو کیوں روکا؟ کراچی سٹاک مارکیٹ 75 ہزار پوائنٹ کی حد عبور کر چکی ہے، کراچی سٹاک ایکسچینج کا رحجان بتا رہا ہے سرمایہ کار حکومت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت عام شہری کی زندگی میں تبدیلی لیکر آئے گی: خواجہ آصف

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے پانچ سال امن، اصلاحاتی ایجنڈا اور پالیسیوں کا تسلسل چاہئے، امید ہے کہ عدلیہ اپنا کندھا کسی کو استعمال نہیں کرنے دے گی، بانی پی ٹی آئی اور اسکی جماعت نے عدلیہ کا کندھا استعمال کرکے معاشی تباہی پیدا کی، ایک بار پھر پی ٹی آئی سیاسی مقاصد کے لئے عدالتی کندھا استعمال کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ عدلیہ اپنی سربراہی میں اپنی نگہبانی اور مسائل کو حل کر سکتی ہے، چند پی ٹی آئی عناصر کی کوشش ہے کہ وہ 2017ء والا ناٹک رچائیں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور سیاست دانوں کا فرض ہے کہ ملکی ترقی کے ایجنڈے میں رکاوٹ کی اجازت نہ دیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم بھارت سے مقابلہ میں ہیں، اگلے 24 سال میں76 سالوں کی خامیاں دور کرنا ہیں، ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، ہمیں سیاسی لانگ مارچ کی جگہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب گندم کے کاشتکاروں کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کی ہمیشہ باتیں مانیں، جب کہیں گے حکومت چھوڑ دیں گے: رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے پاسکو سے گندم کا کوٹہ بڑھانے کا کہا ہے، وزیراعظم نے وزارت خارجہ کوہدایت کی ہے کہ کرغزستان میں طالب علموں کی حفاظت کو یقینی بنائے، وزیراعظم نے کہا کہ واپسی کے خواہشمند سٹوڈنٹس کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں