معصوم لڑکی کو بہیمانہ تشدد، فتنہ الخوارج کی بربریت پھر بے نقاب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فتنہ الخوارج کی سفاکیت اور بربریت ایک بار پھر بے نقاب ہوگئی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کی معصوم لڑکی کو بہیمانہ تشدد کانشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پرگردش کر رہی ہے۔

لڑکی نے فتنہ الخوارج کی خواتین کے کام کرنے پر پابندی کے پیش نظر والدین کی مدد کے لئے روزگار کی جگہ پر مردانہ لباس پہن رکھا تھا۔

فتنہ الخوارج کے کارندے لڑکی کو اغوا کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور واقعے کی ویڈیو بھی بنائی، لڑکی پر تشدد کی اس ویڈیو کے بعد عوامی حلقوں میں فتنہ الخوارج کیخلاف شدیدغم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ دردناک واقعہ فتنہ الخوارج کی جانب سے ناقابل تلافی جرم ہے، یہ واقعہ فتنہ الخوارج کی انتہا پسند سوچ کی عکاسی ہے جس میں مذہب کو غلط استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرے میں خوف اور دہشت پیدا ہو۔

علما کرام نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتنہ الخوارج کا گروہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر معصوم لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں جو اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح کے منافی ہے۔

علما کرام کا کہنا ہے کہ معصوم لڑکی پر ایسے تشدد اور توہین آمیز رویے کو فتنہ الخوارج کا مسخ شدہ چہرہ کہنا درست ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں