امتحانی مراکز میں طالبات کے برقعے نہیں اتروائے جائیں گے، چیئرمین میٹرک بورڈ
کراچی: (دنیا نیوز) بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی (میٹرک بورڈ) کے چیئرمین نے واضح کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں نویں اور دسویں جماعت کی طالبات کے برقعے نہیں اتروائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز پر طالبات کی عزت اور رازداری کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
یہ فیصلہ اس پس منظر میں کیا گیا ہے جب حالیہ دنوں میں کچھ شکایات سامنے آئی تھیں کہ امتحانی مراکز پر طالبات کے ساتھ سخت یا نامناسب چیکنگ کی جا رہی ہے، جس پر والدین نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق طالبات کی چیکنگ مہذب اور باوقار طریقے سے کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے خواتین عملہ تعینات کیا جائے گا۔
چیئرمین کے مطابق ان اقدامات کا مقصد طالبات کے ذاتی وقار اور مذہبی حساسیت کو برقرار رکھتے ہوئے امتحانی عمل کو شفاف بنانا اور نقل کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔