الزامات غلط، 2014ء کے دھرنے کی انکوائری کیلئے تیار ہوں: بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 2014ء کے دھرنے کی انکوائری کے لئے تیار ہوں۔

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہوگی کہ مجھے انکوائری کمیٹی میں پیش کیا جائے، 2014ء کے دھرنے کے حوالے سے مجھ پر جتنے الزامات لگائے گئے سب غلط ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 2013ء کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا، نگران وزیراعظم کے فارم 47 کے حوالے سے بیان کے بعد وفاقی حکومت سے کیا مذاکرات ہو سکتے ہیں؟ صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور سینیٹ الیکشن فراڈ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا آدھا خاندان فوج اور آدھا خاندان بیوروکریسی میں ہے، فوج ہماری ہے اور ہمیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، 9 مئی واقعات کا مجھے اس وقت پتہ چلا جب مجھے سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے سامنے مذمت کی تھی، خدا کے واسطے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، ہم نے اپنی 27 سال کی تاریخ میں کبھی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو حکومتیں ہم نے انتخابات کیلئے تحلیل کیں، ہماری سیاسی جماعت انتشار نہیں چاہتی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں