لاہور: این ٹی ڈی سی کے گرڈ سٹیشن میں آگ لگ گئی، متعدد علاقے بجلی سے محروم

لاہور: (دنیا نیوز) این ٹی ڈی سی کے بند روڈ پر گرڈ سٹیشن میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق این ٹی ڈی سی کے بند روڈ پر 220 کے وی کے گرڈ سٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر جلنے سے آگ لگی، آگ کے باعث بند روڈ سے فیڈ ہونے والے لیسکو کے تمام گرڈ سٹیشنز بند ہو گئے۔

آتشزدگی سے گرڈ سٹیشن بند ہونے کے بعد سبزہ زار، علامہ اقبال ٹاؤن، شاہ پور، اورنج لائن میٹرو ٹرین کے گرڈ، قرطبہ، میکلور روڈ، سنی ویو، سید پور سمیت متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور این ٹی ڈی سی اہلکاروں کیساتھ ملکر آگ بجھانے میں مصروف ہے، آگ کی شدت زیادہ ہونے پر ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بند ہونے والی بجلی جلد بحال کر دی جائے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں