بے نظیر بھٹو کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا: محسن نقوی
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بے نظیر بھٹو کے یومِ شہادت کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو ایک عہد کا نام ہیں جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی پاکستان کے لیے قومی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی شخصیت امید، استقامت اور جمہوریت کے اصولوں سے غیرمتزلزل وابستگی کا مجسمہ تھی، شہید بے نظیر بھٹو کو عوام کی طاقت پر کامل یقین تھا اور انہوں نے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے لیے اپنی جان نچھاور کی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کے مطابق شہید بے نظیر بھٹو کا وژن تمام جمہوری قوتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، وہ مزدور، کسان اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں اور ان کا خواب ایسا پاکستان تھا جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے اور جمہوریت کو مضبوط کیا جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ آج صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہید بے نظیر بھٹو کی سیاسی میراث کو آگے بڑھا رہے ہیں، ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے اور آنے والے کل میں بھی زندہ رہے گا۔