پی ٹی آئی نے کبھی بھی مذاکرات کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا: اختیار ولی خان
لاہور:(دنیا نیوز) کوآرڈینیٹر وزیراعظم اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی بھی مذاکرات کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام’ ٹونائٹ ود ثمر عباس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف جب اپوزیشن لیڈر تھے تب بھی میثاق جمہوریت کی دعوت دی،وزیراعظم شہبازشریف نے پی ٹی آئی کو بارہا مذاکرات کی دعوت دی۔
اُنہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے مذاکرات کی بات کی، جب بھی ہم نے مذاکرات کی دعوت دی اِس کو کوئی اچھا نتیجہ نہیں نکلا، پی ٹی آئی نے کبھی بھی مذاکرات کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
کوآرڈینیٹر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے بند گلی سے نکلنے کا راستہ مل جاتا ہے، تحریک انصاف کے پاس زیادہ آپریشز نہیں ہیں، وزیراعظم نے ساتویں بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، بیرسٹر گوہر بار بار معافی تلافی کی باتیں کر رہے ہیں۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ پاکستان ایک ہارڈ سٹیٹ بن چکا ہے، اب توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں، مذاکرات کی آڑ میں 9مئی کو معاف نہیں کیا جائے گا، بیرون ملک بیٹھ کر شرارتیں کرنے والوں کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سٹریٹ موومنٹ سے پہلے پی ٹی آئی کو بدامنی نہ پھیلانے کی ضمانت دینی ہو گی، اب پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، محمود خان اچکزئی سے بات کی جا سکتی ہے۔