پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی یو اے ای صدر کو شاندار فضائی سلامی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کو شاندار فضائی سلامی پیش کی۔

پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر بلاک III طیاروں پر مشتمل 6 رکنی دستے نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی صدر محمد بن زاید النہیان کو باوقار ایئر ایسکارٹ فراہم کیا۔

یہ اقدام مہمان نوازی اور بھائی چارے کے خوبصورت مظاہرے کی علامت تھا، پاک فضائیہ کی جانب سے کیا گیا یہ پرتپاک استقبال پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر فارمیشن لیڈر نے وزیراعظمِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے صدر محمد بن زاید النہیان کو خیرمقدمی سلام پیش کیا۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کا JF-17 تھنڈر بلاک III جدید 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو فضائیہ کی جدید اور مؤثر آپریشنل صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں