کراچی: ضلع ملیر سکھن پولیس پر طالبعلم کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا الزام
کراچی: (دنیا نیوز) متاثرہ طالبعلم نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع ملیر سکھن پولیس نے اسے مختصر دورانیے کیلئے گرفتار کر کے رہائی کے عوض بھاری رقم کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ طالبعلم نے بتایا کہ میں شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ہوں، ہماری نہ ماں ہے اور نہ باپ، کل رات میں اور میری بہن گھر میں اکیلے تھے، سکھن پولیس کی 3 موبائلیں ہمارے گھر پر آئیں، مجھ سے کہا کہ تمہارا بھائی کہاں ہے اس کی ایف آئی آر آئی ہے، اس کے بعد مجھے پولیس سکھن تھانے لے کر آئی۔
طالبعلم کے مطابق مجھ سے کہا گیا کہ 10 لاکھ روپے دو، پھر کہا 5 لاکھ روپے دو، پھر اہلکار جبار اور ساتھی نورا نے 50 ہزار روپے لے کر مجھے صبح 6 بجے چھوڑا، اب سکھن پولیس میرا سامان واپس کرنے کیلئے مزید ایک لاکھ روپے مانگ رہی ہے، میرا سامان جس میں پرس، چابیاں اور موبائل فون ہیں، سکھن تھانے میں ہی ہیں۔
دوسری جانب سے سکھن پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں معلوم کس نے پیسے لیے ہیں، اہلکار جبار کو بلا کر پوچھتے ہیں کہ کیا اس نے پیسے لیے ہیں، متاثرہ نوجوان تھانے آجائے تو سامان واپس کروا دیں گے۔