ننکانہ صاحب میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک
ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) تھانہ واربرٹن کی حدود میں پولیس اور 3 نامعلوم مشکوک موٹر سائیکل سواروں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
ترجمان پولیس ننکانہ صاحب کے مطابق پولیس ٹیم نے ڈفر کھوکھراں کے قریب دوران پٹرولنگ مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت حبیب الرحمان کے نام سے ہوئی جو ڈکیتی اور رابری کے 18 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ تھا۔
پولیس نے ہلاک ملزم سے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ملزم تھانہ واربرٹن پولیس کو اقدام قتل کے مقدمہ میں بھی مطلوب تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ علاقے کا سرچ آپریشن جاری ہے، ہلاک ملزم کی نعش ہسپتال منتقل کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔