پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، طلال چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اشتعال انگیزی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اپنے بیان میں رہنما مسلم لیگ ن طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اشتعال کا معاملہ نہ سیاسی ہے اور نہ ہی اظہار رائے کی آزادی بلکہ یہ برطانیہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس کی سر زمین پر موجود لوگ کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے کسی دوسری خودمختار ریاست کے افراد کو بغاوت اور تشدد پر اکسایا جائے۔
طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے برطانیہ اس معاملے پر کارروائی کرے گا، وزیر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی حکومت کو خط لکھ کر مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسی ویڈیوز زیر گردش ہیں جن میں آرمی چیف کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ برطانیہ ایسے تمام اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔