پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں مقام کی جانب گامزن

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے جدید ڈیجیٹل معیشت اور بٹ کوائن ٹیکنالوجی کی جانب بڑھنے کے نتیجے میں ملک میں ترقی کی نئی جہتیں روشن ہو رہی ہیں جبکہ کرپٹو ریگولیشن میں نمایاں پیش رفت کے باعث پاکستان عالمی سطح پر مرکزِ نگاہ بن گیا۔

پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ابوظہبی بٹ کوائن کانفرنس 2025 کے موقع پر ایک خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے کرپٹو وژن کو واضح کیا اور کہا کہ پاکستان بٹ کوائن اور ڈیجیٹل اثاثوں کو محض سرمایہ کاری نہیں بلکہ مستقبل کے مالیاتی نظام کا ایک بنیادی ستون تصور کرتا ہے۔

بلال بن ثاقب کے مطابق 240 ملین آبادی اور 70 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ملک روایتی معیشت تک محدود نہیں رہنا چاہتا بلکہ ڈیجیٹل معیشت کے ایک نئے اور مؤثر ماڈل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، حکومت کا مقصد نوجوانوں کو صرف صارف بنانے کے بجائے ڈیجیٹل تخلیق کار اور نئی معیشت کے معمار بنانا ہے۔

چیئرمین ریگولیٹری اتھارٹی نے مزید بتایا کہ پاکستان غیر منظم کرپٹو مارکیٹ کو عالمی معیار کے مطابق شفاف، محفوظ اور سرمایہ کار دوست نظام میں تبدیل کرنے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے جس سے ملکی معیشت کو نئی سمت اور عالمی سطح پر اعتماد حاصل ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں