موسیقار اے حمید کو مداحوں سے بچھڑے 33 برس بیت گئے

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کے باکمال موسیقار اے حمید کو مداحوں سے بچھڑے 33 برس بیت گئے ہیں۔

لازوال اور سدا بہار دھنیں تخلیق کرنے والے شیخ عبدالحمید کو فلمی صنعت میں اے حمید کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ 1924ء میں امرتسر میں پیدا ہوئے، ان کے والد شیخ محمد منیر موسیقی کا اعلیٰ ذوق رکھتے تھے یوں اے حمید میں بھی موسیقی اور گائیکی کا شوق پیدا ہوا اور انہوں نے اسی فن میں نام و مقام بنایا۔

فلمی دنیا میں موسیقار کی حیثیت سے ان کی شہرت کا آغاز ہدایت کار ایس ایم یوسف کی فلم سہیلی سے ہوا، اے حمید کی دیگر نمایاں فلموں میں رات کے راہی، اولاد، آشیانہ، شریک حیات، پیغام، دوستی، جواب دو، ثریا بھوپالی، بیگم جان اور نیا انداز شامل ہیں، اے حمید نے بہترین موسیقار کا نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

موسیقار اے حمید نے کئی لازوال دھنیں تخلیق کی ہیں، ان کی موسیقاری میں بننے والے گیت آج بھی زبان زد عام ہیں، اے حمید 20 مئی 1991ء کو اس دنیا سے ہمیشہ کیلئے رخصت ہوگئے، انہیں راولپنڈی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں