بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت: نیب پراسیکیوٹر آئندہ سماعت پر نہ آئے تو فیصلہ کردینگے: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت: نیب پراسیکیوٹر آئندہ سماعت پر نہ آئے تو فیصلہ کردینگے: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈز نیب ریفرنس میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر کیس ملتوی کرنے کی استدعا تسلیم نہیں کی جائے گی،نیب پراسیکیوٹرآئندہ سماعت پر نہ آئے تو فیصلہ کر دینگے ،گزشتہ روز شہباز کھوسہ ایڈووکیٹ ، بیرسٹر سلمان صفدر اور دیگر پی ٹی آئی وکلائعدالت میں پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت پیش نہ ہوئے، چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے سلمان صاحب آپ نے خطرناک باتیں کر دی ہیں، سلمان صفدر نے کہا میں اس کیس کے لئے لاہور سے آیا ہوں، شہباز کھوسہ نے کہا اس کیس کی دس تاریخیں ہو چکی ہیں، چیف جسٹس نے کہا ہر کیس کے اپنے میرٹس ہیں ، نیب پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی پر چیف جسٹس نے کہا آخری وارننگ دے رہے ہیں آئندہ نا آئے تو فیصلہ کر دیں گے ، سلمان صفدر نے کہا ایک طرف ضمانت میں دس بارہ سماعتیں ہو چکی ہیں ، دوسری طرف انہوں نے ایکسلیٹر پر ہاتھ رکھا ہوا ہے ، چیف جسٹس نے کہا آج میری صحت ٹھیک نہیں میں اس کیس کو سننے کے لئے آیا ہوں ، آئندہ سماعت پر کیس ملتوی کرنے کی استدعا تسلیم نہیں کی جائے گی ۔ ادھر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید 4 گواہان کے بیانات قلمبند کر لئے جبکہ وکلائنے ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی ،گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے مزید سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں