پشاور میں آپریشن،جھڑپ،5دہشتگرد ہلاک،کیپٹن اور حوالدار شہید

پشاور میں آپریشن،جھڑپ،5دہشتگرد ہلاک،کیپٹن اور حوالدار شہید

راولپنڈی ،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار ،سیاسی رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا جبکہ 2جوان شہید ہوگئے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 5 دہشت گردہلاک اور 3 زخمی ہو گئے ۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر اندازمیں تلاش کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 25سالہ کیپٹن حسین جہانگیر آپریشن کی قیادت کر رہے تھے جن کا تعلق رحیم یار خان سے تھا جبکہ 36 سال کے حوالدار شفیق اللہ کا تعلق کرک سے ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے افسروں ، سول حکام، عوام اور جوانوں نے شرکت کی ۔شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دئیے گئے جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیاگیا۔وزیر اعظم شہبا ز شریف نے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی بلندی درجات کیلئے دعاکی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا،دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم لیں گے ۔ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ،ہم شہداء کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ نے ملک پر جان نچھاور کی،ہمارے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ جان کی پروا کئے بغیر ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیا، شہدا کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں ، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ، پاک فوج ہمارا فخر ہے ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں