"AIZ" (space) message & send to 7575

یوم النحراور ایامِ تشریق

10 ذوالحج حجاج کرام سمیت تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن حجاج کرام میدانِ منیٰ میں اور دنیا بھر کے مسلمان اپنے اپنے علاقوں میں قربانی کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے سابق اُمتوں پر بھی قربانی کو لازم کیا تھا اور ضروری قرار دیا کہ جانور ذبح کرتے وقت اللہ کا نام لیا جائے۔ قربانی کی تاریخ اگرچہ بہت قدیم ہے لیکن اپنے کردار اور اعمال سے اسے جس قدر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے روشن کیا‘ اس کی مثال ان سے پیشتر نہیں ملتی۔ بڑھاپے کے عالم میں اللہ تعالیٰ سے ایک صالح بیٹے کے لیے دعا مانگی تو اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیل علیہ السلام جیسا حلیم بیٹا عطا فرمایا۔ بیٹا ابھی گود میں ہی تھا کہ اللہ کے حکم پر جناب ہاجرہ اور اسماعیل علیہ السلام کو بے آب و گیاہ وادی میں تنہا چھوڑ دیا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت ہاجرہ اور جناب اسماعیل علیہ السلام کے لیے چشمۂ زمزم رواں فرمایا اور اچھے رفقا اور ساتھی بھی عطا فرما دیے۔ جب اسماعیل علیہ السلام چلنے پھرنے کے قابل ہو گئے تو سیّدنا ابراہیم علیہ السلام نے خواب میں دیکھا کہ وہ سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے گلے پر چھری چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو اپنے خواب سے آگاہ کیا تو حضرت اسماعیل علیہ السلام نے پورے خلوص اور احترام سے کہا: اے میرے بابا! آپ وہ کریں جس کا آپ کو حکم دیا گیا ہے‘ اگر اللہ نے چاہا تو آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور جناب اسماعیل علیہ السلام نے جب کامل فرمانبرداری کا ذہن بنا لیا تو جناب ابراہیم علیہ السلام نے اسماعیل علیہ السلام کو پیشانی کے بل لٹایا‘ جب آپ ان کے گلے پر چھری چلانے لگے تو اللہ تعالیٰ نے آپ کو ندا دی کہ آپ نے اپنے خواب کو سچا کر دکھایا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جگہ جنت سے ایک جانور بھیجا جسے ذبح کیا گیا۔
عید قربان یا یوم النحر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی کی یادگار ہے۔ حضرت رسول اللہﷺ خود بھی قربانی کرتے رہے اور آپﷺ نے اپنی امت کو بھی قربانی کرنے کی تلقین کی۔ رسول اللہﷺ نے زندگی کے مختلف ادوار میں مختلف طرح کی قربانی کی۔ کشادگی ہوئی تو سو اونٹ بھی قربان کیے‘ جب تنگی کے ایام آئے تو دو مینڈھے بھی اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے ذبح کیے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کو جانوروں کا گوشت اور خون نہیں پہنچتا بلکہ اللہ تعالیٰ کو قربانی کرنے والے کا تقویٰ پہنچتا ہے‘ اس لیے جب بھی کوئی شخص قربانی کرنے کے لیے جانور کو لٹائے تو اس کو چھری صرف جانور کے گلے پر نہیں چلانی چاہیے بلکہ یہ چھری جھوٹی امنگوں، غلط آرزوؤں اور سرکش خواہشات پر بھی چلنی چاہیے۔
حاجی یوم النحرمیں جمرات کو کنکریاں مارتے‘ اپنے سر کے بالوں کو مونڈتے اور طواف زیارت کرتے ہیں۔ ان کی مسنون ترتیب یہ ہے کہ پہلے جمرہ عقبہ کو کنکریاں ماری جائیں‘ اس کے بعد قربانی کی جائے‘ اس کے بعد حجامت کی جائے اور اس کے بعد طوافِ زیارت کیا جائے۔ اگرچہ یہ ترتیب افضل ہے لیکن اگر کوئی غیر ارادی طور پر اس کا اہتمام نہ کر سکے تو شریعت اس کا مواخذہ نہیں کرتی‘ اس لیے کہ رسول اللہﷺ نے اس ترتیب پر سختی نہیں برتی۔
یوم النحرکو ماری جانے والی کنکریوں کی وضاحت کچھ یوں ہے: جب حاجی مزدلفہ میں 9 ذوالحجہ کی رات وقوف کرتا ہے تو اس کو وہاں سے چنے کے حجم کے برابر کی سات کنکریاں چن لینی چاہئیں۔ سنن نسائی میں حدیث ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول کریمﷺ اونٹنی پر سوار تھے‘ میں نے آپﷺ کے لیے سات کنکریاں اکٹھی کیں جنہیں دو انگلیوں کے درمیان رکھ کر پھینکا جا سکے۔ جب وہ کنکریاں آپﷺ کے ہاتھ میں رکھ دیں تو آپﷺ نے فرمایا: ہاں! ایسی ہی کنکریاں ٹھیک ہیں۔ آپﷺ نے یہ بھی فرمایا کہ دین میں غلو کرنے سے بچو‘ تم سے پہلے لوگوں کو دین میں غلو نے ہی ہلاک کیا تھا۔ بیماروں‘ بوڑھوں اور بچوں کی طرف سے صحت مند نوجوان کنکریاں مار سکتے ہیں۔ کنکری جمرہ عقبہ کو نشانہ باندھ کر مارنا چاہیے۔ جب تک رسول اللہﷺ نے جمرہ عقبہ کو کنکریاں نہیں مارنا شروع کیں‘ اس وقت تک آپﷺ تلبیہ کہتے رہے اور جب کنکریاں مارنے کی باری آئی تو آپ نے ہر کنکری مارتے وقت ''اللہ اکبر‘‘ کہا۔ اس رمی کا بنیادی مقصد بھی اللہ کا ذکر کرنا ہی ہے۔
10 ذوالحجہ کو طوافِ زیارت کرنے کے بعد حاجی پر احرام کی تمام پابندیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ ایام تشریق 10 ذوالحجہ کے بعد کے تین دن ہیں۔ ان ایام میں کم از کم دو دن منیٰ میں گزارنے ضروری ہیں اور بہتر ہے کہ تینوں دن ہی منیٰ میں گزارے جائیں۔ اگر کوئی شخص کسی مجبوری کی وجہ سے 10 ذوالحجہ کو طوافِ زیارت نہیں کر سکا تو وہ ایام تشریق میں بھی طوافِ زیارت کر سکتا ہے۔ طوافِ زیارت کے بعد حاجی کے لیے حج کی سعی کرنا بھی ضروری ہے اور اس کوصفا اور مروہ کی سعی اسی طرح مکمل کرنی چاہیے جس طرح اس نے عمرے کی سعی کی تھی۔ طوافِ زیارت اور حج کی سعی کرنے کے بعد حاجی کے لیے منیٰ میں واپس آنا ضروری ہے۔ اگر کوئی خاص مجبوری ہو تو ایام تشریق کے دوران مکہ مکرمہ میں بھی قیام کیا جا سکتا ہے۔ مسلم شریف کی ایک روایت میں ایام تشریق کو کھانے پینے کے دن اور ایک روایت میں 'اللہ کا ذکر کرنے کے دن‘ قرار دیا گیا ہے۔ ان ایام میں حجاج کوبیت اللہ شریف کا جس حد تک ممکن ہو‘ طواف کرنا چاہیے اور راتوں کو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے ذکر اور یاد میں مشغول رہنا چاہیے۔ ان ایام میں حاجیوں اور عام مسلمانوں کے لیے روزہ رکھنا درست نہیں؛ تاہم جو شخض حج تمتع کر چکا ہو اور اضافی عمرہ کرنے کے بعد وسائل کی تنگی کی وجہ سے قربانی کرنے سے قاصر ہو تو ایسے شخص کو ایام تشریق کے دوران تین روزے رکھنے چاہئیں اور اپنے وطن واپس آکر اس کو سات روزے مزید رکھنے چاہئیں۔ یہ دس روزے اس کی قربانی کا کفارہ بن جاتے ہیں۔
عرفات‘ مزدلفہ اور منیٰ بنیادی طور پر کھلے میدان ہیں۔ ان میدانوں میں خیمہ زن مہاجروں اور مسافروں کی طرح کھلے آسمان کے نیچے قدرتی ماحول میں جب حاجی اپنے اللہ سے راز و نیاز کی باتیں کرتا ہے تو اس پر اپنی اور کائنات کی بے وقعتی پوری طرح واضح ہو جاتی ہے۔ اسی فطری ماحول میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اجرامِ سماویہ کی حقیقت کا تجزیہ کیا تھا اور ستارے‘ چاند اور سورج کو ڈوبتا ہوا دیکھ کر کہا تھا کہ میں اپنے چہرے کو اس ذات کی طرف موڑتا ہوں جو زمین اور آسمان کا بنانے والا ہے اور آپ علیہ السلام نے ہرچیزسے اپنا تعلق منقطع کر کے صرف خالق کل اور مالک کل سے اپنا تعلق استوار کر لیا تھا۔ سورۃ الانعام کی آیات 75 تا 79 میں یہ واقعہ بیان ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں اہلِ ایمان کی اس کیفیت کا ذکر کیا ہے کہ وہ اٹھتے‘ بیٹھتے اور اپنے پہلوؤں پر اللہ تبارک و تعالیٰ کو یاد کرتے ہیں اور زمین و آسمان کی تخلیق پر غور کر کے یہ بات کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب! آپ نے جو کچھ بھی بنایا ہے باطل نہیں بنایا‘ آپ کی ذات پاک ہے‘ ہمیں آگ کے عذاب سے بچا لے۔
ایامِ تشریق کے گزرنے پر حج کے جملہ ارکان مکمل ہو جاتے ہیں لیکن اپنے وطن واپسی سے قبل ضروری ہوتا ہے کہ حاجی بیت اللہ شریف کا الوداعی طواف کرے؛ البتہ حائضہ کو اس کی رخصت دی گئی ہے۔ طوافِ وداع حاجی کے لیے جہاں باعثِ اطمینان و سکون ہوتا ہے کہ وہ ارکانِ حج کو مکمل کر چکا ہے‘ وہیں طوافِ وداع اس کے لیے باعث تکلیف بھی ہوتا ہے کہ اللہ کے گھر سے جدائی کا وقت آن پہنچا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جنہوں نے بیت اللہ کی زیارت نہیں کی ان کو اپنے گھر کی زیارت کے شرف سے بہرہ ور فرما اور جن لوگوں نے زیارت کی ہے ان کو دوبارہ زیارت کرنے کی توفیق عطا فرما اور ہم تمام مسلمانوں کو ارکانِ اسلام کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرما‘ آمین!

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں