دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع،دائرہ تمام اضلاع تک بڑھائیں گے:مریم نواز

دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع،دائرہ تمام اضلاع تک بڑھائیں گے:مریم نواز

لاہور(نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی خصوصی ہدایت پر دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ۔مریم نواز نے کہا کہ دستک پروگرام کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھائیں گے ۔

مریم کی دستک پروگرام کی سروسز 10 سے بتدریج بڑھا کر 65 تک کرنے پر کام شروع ہو چکا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے کی بجائے گھر بیٹھے بٹھائے تمام سروسز میسر ہونگی۔دستک پروگرام سے نہ صرف سروسز گھر بیٹھے ملیں گی بلکہ کرپشن اور استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی دور میں داخل ہو چکا ہے ، مزید مثبت اور نہایت مفید تبدیلیاں لائیں گے ۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفشل انٹیلی جنس سے عوام کی زندگیوں میں بھر پور آسانیاں لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوان نمائندے مریم کے دستک پروگرام میں سہولت کار کی خدمات سرانجام دیں گے ۔دستک سروسز کی فراہمی سے نوجوان با عزت طریقے سے روزانہ ہزاروں روپے کما سکیں گے ۔دستک نمائندوں کی اہلیت کے لیے اصل شناختی کارڈ، کم از کم عمر 18 سال، کم از کم تعلیم انٹرمیڈیٹ اور موبائل فون بمعہ انٹرنیٹ ضروری ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دستک نمائندوں کی اہلیت کے لیے متعلقہ پولیس سٹیشن سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ، ذاتی موٹر سائیکل اور لائسنس کا ہونا لازم ہوگا۔میرٹ پر آنے والے دستک نمائندوں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ادھر وزیراعلیٰ نے پارلیمانی نظامِ حکومت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے ۔ پارلیمنٹ ہماری جمہوریت کی بنیاد اور معاشرے میں انصاف اور مساوات کے اصولوں کی محافظ ہے ۔ پارلیمانی نظام شفافیت، جوابدہی، اور حکمرانی میں عوام کی نمائندگی کو یقینی بناتا ہے ۔ ہر شخص اور ادارہ پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کرے ۔مریم نوازنے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مضبوط پارلیمنٹ انتہائی ضروری ہے ۔ پارلیمانی جمہوریت شہریوں کی فعال شرکت سے فروغ پاتی ہے ۔ جمہوریت کی قوت پارلیمانی اداروں کی مضبوطی میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ یونٹ اور ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں