کسان اپنی گندم بیچ چکا،مافیاز کو آٹا ناجائز مہنگا نہیں کرنے دونگی:مریم نواز

کسان اپنی گندم بیچ چکا،مافیاز کو آٹا ناجائز مہنگا نہیں کرنے دونگی:مریم نواز

لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کسان اپنی گندم بیچ چکا ، مافیاز کو عوام کا استحصال اور آٹا ناجائز مہنگا نہیں کرنے دونگی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے آٹا کے مارکیٹ نرخ منگوا کر سامنے رکھ دئیے ۔

 محکمہ فوڈ کی بریفنگ میں پیش کردہ ڈیٹامارکیٹ کے آٹا نرخ سے مختلف تھا۔وزیراعلیٰ نے آٹا کے نرخ کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر ناپسندیدگی کااظہار کیا۔مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پاکستان کوالٹی کنٹرول سٹینڈرڈ کی کیٹیگری کے مطابق آٹا نرخ کے تعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے آٹا کے مارکیٹ نرخ کی ڈیلی رپورٹ طلب کرلی۔اجلاس میں پرمٹ کے ساتھ آٹا کی نقل و حمل کی اجازت کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ فوڈ کی ری سٹرکچرنگ کی ہدایت کی اور کرپٹ عناصر کے خلاف یقینی قانونی کارروائی کا حکم دیا ۔ انہوں نے محکمہ فوڈ کے افسروں اور ملازمین کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکنزم بنانے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا آٹا کے نرخ ناجائز طور پر بڑھانے کی اجازت نہیں دوں گی، مافیاز اپنا کام کررہے ہیں اور محکمے سو رہے ہیں۔ محکمے اپنا کام نہیں کریں گے تو گورننس کیسے بہتر ہوگی۔ کسان اپنی گندم بیچ چکا ہے ، اب مافیاز کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا پنجاب میں 2.2 ملین میٹرک ٹن گندم کے سرکاری ذخائر موجود ہیں۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 6 ملین میٹرک ٹن سے زائد گندم موجود ہے ۔ ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے گندم ذخائر کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے مراکز صحت کی تعمیر ومرمت مارچ تک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ہیلتھ ریفارمز کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ۔مراکز صحت، تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بائیومیٹرک حاضری لازمی کرنے پر اتفاق کیاگیا۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں تھیلیسیما سنٹر قائم ہونگے ۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ویل ویمن کلینک قائم کرنے کی ہدایت کی۔ہر ڈویژن میں میمو گرافی مشین، بریسٹ کلینک آن ویل ہر ضلع میں باری باری سروسز مہیا کرے گا۔انہوں نے ہسپتالوں میں گارڈز کی طرف سے پیسے وصول کرنے کی شکایت کا سخت نوٹس لیااور سکیورٹی کا پبلک فرینڈلی سسٹم لانے کے لئے پلان طلب کر لیا۔وزیر اعلیٰ نے لیپرو سکوپی اور انڈوسکوپی سروسز جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔راجن پور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔شیخوپورہ اور بہاولنگر میں آؤٹ سورسنگ کے ذریعے جدید ترین ٹیسلا ایم آر آئی مشینیں مہیا کی جائیں گی۔اجلاس میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر اور ٹرینڈ سٹاف فراہم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔ہسپتالوں میں صفائی کا نظام میکانائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، میکینکل سو ئپر مہیا کیے جائیں گے ۔منتخب آر ایچ سیز کو فنکشنل ہسپتال بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے مراکز صحت میں ادویات کی 100فیصد مفت فراہمی یقینی بنانے اور میڈیسن سپلائی چین میں بہتری لانے کا بھی حکم دیا ۔سال میں دو مرتبہ ہیلتھ میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے اور مراکز صحت کے ہیلتھ سٹاف کی پبلک ہیلتھ ٹیکنیشن ٹریننگ کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔پنجاب کے 200 بنیادی مراکز صحت میں مارچ تک 24گھنٹے سروسزمہیا ہونگی۔مریم نواز نے کہا ہر ہیلتھ فیسیلیٹی عوام کی دہلیز تک پہنچانا میرا خواب ہے ۔ مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے سے بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے \\\'\\\'ورلڈ پلاسٹک بیگ فری ڈے \\\'\\\'پر اپنے پیغام میں کہا ہم پلاسٹک بیگ کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ پلاسٹک کی آلودگی ایک بڑا ماحولیاتی خطرہ ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ شہری پلاسٹک بیگ کی پیداوار، فروخت اور استعمال پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ ہمارا مقصد پلاسٹک فری پنجاب بنانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں