مفت ادویات:مریم نواز نے سب سے بڑے ویئرہاؤس منصوبے کا افتتاح کردیا

مفت ادویات:مریم نواز نے سب سے بڑے ویئرہاؤس منصوبے کا افتتاح کردیا

لاہور (اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی خدمت کی تاریخ رقم کر دی ، پاکستان کی تاریخ میں ادویات کی فراہمی کے سب سے بڑے میڈیسن ویئر ہاؤس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے مراکہ میں محکمہ صحت کے سینٹرل ویئر ہاؤس کا دورہ کیا اور اضلاع کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی،فیصل آباد اور ملتان میں میڈیسن ویئر ہاؤس جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ لاہور میں صوبے بھر میں ادویات کی فراہمی کے لئے 9 میڈیسن ویئر ہاؤس باقاعدہ فنکشنل ہوگئے ۔ جہاں 17 ارب سے زائد کی میڈیسن اور ایکیوپمنٹ سٹور کرنے کی گنجائش ہے ۔ مریم نواز نے خود فورک لفٹر چلا کر ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا اور اپنی نگرانی میں اضلاع کے لئے میڈیسن کے خصوصی ٹرک روانہ کیے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں کو فراہم کیے جانے والے فرنیچر، طبی آلات اور دیگر سامان کا معائنہ اور ویئر ہاؤس میں سٹور کردہ ادویات کی مدت اور سٹینڈرڈ ٹمپریچر سسٹم چیک کیا۔سیکرٹری صحت علی جان خا ن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا نئے جدید ترین ویئر ہاؤس سے ادویات کو سٹینڈرڈ ٹمپریچر پر سٹور اور ترسیل کیا جا سکے گا۔ پراجیکٹ کے تحت 9سینٹرل ویئر ہاؤس قائم کیے گئے ہیں۔ ویئر ہائوسز میں تقریباً 10 ارب روپے سے زائد کی میڈیسن سٹور کی گئی ہے ۔ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے لئے 7ارب روپے سے زائد کے نئے اور جدید طبی آلات، فرنیچر، تھری کلر ڈسپوزیبل بیڈشیٹ اور دیگر سامان بھی ویئر ہائوس سے ہسپتالوں کو مہیا کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز سے فیڈرل ری پبلک جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے پر شر پسندوں کے حملے پرجرمن حکام کے فوری ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا امید ہے جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچا ئے گا اورمستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہونگے ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اوراقتصادی تعاون، ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ الفریڈ گراناس نے پنجاب کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، جدت اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے جرمن سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی میں بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔ مریم نواز شریف سے جے سیون گروپ کے چیئرمین مقبول حسین اعوان نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیا۔صوبے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتر ی کے لئے مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔مقبول حسین اعوان نے کہا عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں