جبری گمشدگی کی تمام ترذمہ داری وزیراعظم اور کابینہ پر عائد ہوتی:اسلام آباد ہائیکورٹ

جبری گمشدگی کی تمام ترذمہ داری وزیراعظم اور کابینہ پر  عائد ہوتی:اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (نمائندہ دنیا) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے بھائی غلام شبیر کو بازیاب کرا کر 6 اگست تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے دائر درخواست پرسماعت کے جاری تحریری حکمنامہ  میں پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے وزیر اعظم کو حکمنامہ کی کاپی بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ضروری ہے کہ وزیر اعظم ہنگامی اقدامات کے ذریعے جبری گمشدگی کے اس مکروہ عمل کا سد باب کریں۔ سیکرٹری داخلہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے غلام شبیرکی بازیابی اور عدالت پیشی یقینی بنائیں۔ حکمنامہ کے مطابق دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، وزارت دفاع، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے نمائندے پیش ہوئے اور تمام اداروں کے نمائندوں نے یک زبان ہو کر مغوی غلام شبیر کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ حکومت کی جانب سے مغوی کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار جبری گمشدگی کا معاملہ ظاہر کرتا ہے ۔ فریقین کی جانب سے لاپتا غلام شبیر کی بازیابی کیلئے اقدامات کے حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا، جبری گمشدگی کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعظم اور کابینہ پر عائد ہوتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں