صوبہ بھر میں سکول بلڈ نگز کی چیکنگ کا حکم:پولیس مجرموں میں خوف کا احساس پیدا کرے:مریم نواز

صوبہ بھر میں سکول بلڈ نگز کی چیکنگ کا حکم:پولیس مجرموں میں خوف کا احساس پیدا کرے:مریم نواز

لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں سکول بلڈنگز کی چیکنگ کا حکم دیاہے اور مخدوش اور خستہ حال عمارتوں میں بنے سکول سیل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے سکولوں کی صفائی کی صورتحال کی بھی چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوامی امور پر نظر ہے ، تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ، مجھے یقین ہے کہ کچھ سالوں میں شکایات برقرار نہیں رہیں گی ،شاباش دینے میں کنجوس نہیں، چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے سخت رویہ اپنانا پڑتا ہے ، ہر آنے والے دن میں بہتری آ رہی ہے ۔انہوں نے کہا پولیس کو عوام میں ریلیف اور مجرموں میں خوف کا احساس پیدا کرنا چاہئے ۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ترین اور فیصلہ کن کارروائی کر کے خوف زدہ کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز مظفر گڑھ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہی تھیں ۔ ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ارکان کی تجاویز پر مظفر گڑھ کے مرکزی روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

انہوں نے مظفرگڑھ کے مرکزی علاقوں میں تجاوزات اور ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کیااورتجاوزات کے خاتمے کے لئے فوری طور پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز نے ہدایت کی ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے انہوں نے لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے بارے میں عوامی شکایات پر بھی برہمی کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا مظفر گڑھ میں نو گو ایریا ختم ہونا قابل اطمینان ہے ، سوشل سکیورٹی ہسپتال میں ڈائیلسیز کی سہولت کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عالمی یوم سیاحت پراپنے پیغام میں کہا سیاحت کے پرعزم جذبے رکھنے والوں کو سلام ہے ،سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلا بخشتی اور فکر و تدبر میں معاونت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے پاک سر زمین کو بے پناہ سیاحتی خوبصورتیوں سے نوازاہے ۔ پنجاب میں ٹورازم کا بے پناہ پوٹینشل ہے ، سیاحت کے فروغ کے لئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ قدرتی حسن سے مالا مال پنجاب کے علاقے کسی سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پائیدار اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں