وزیراعلیٰ کا 3تحصیلوں میں لیڈیز بارروم،ڈے کیئر سنٹر ز بنانے کا حکم

وزیراعلیٰ کا 3تحصیلوں میں لیڈیز بارروم،ڈے کیئر سنٹر ز بنانے کا حکم

لاہور(سٹاف رپورٹر،ایجنسیاں )وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی 3تحصیلوں میں خاتون وکلاء کے لئے بار رومز اور ڈے کیئر سنٹرز بنانے کا حکم دیدیا ہے ۔ خاتون وکلاء نے عدالت عالیہ کو ضرورت کے پیش نظر لیڈیز بار روم اور ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کی درخواست کی تھی۔

وزیراعلی ٰمریم نواز شریف نے لیڈیزبار رومز بنانے کے لئے محکمہ تعمیرات ومواصلات کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اٹک،بہاولنگر اور لودھراں کے دور درازعلاقوں میں لیڈیز بار رومز کی تعمیرات کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے تینوں تحصیلوں میں لیڈیز باررومز کے لئے سٹینڈرڈ نقشہ تیار کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ خاتون وکلاء کے لئے ورک پلیس پر بنیادی سہولتوں کا ہونا اشد ضروری ہے ۔خاتون وکلاء کے لئے دیگر علاقوں میں بھی مرحلہ وار لیڈیز بار رومز بنانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے کہاکہ جنڈ،فورٹ عباس اور دنیا پور تحصیل بار ایسوسی ایشنز میں لیڈیز بار روم قائم کئے جائیں گے ۔خاتون وکلاء کی سہولت کے لئے ڈے کیئر سنٹرز بھی قائم ہوں گے ۔

تحصیل بار ایسوسی ایشنز میں خواتین وکلاء کی سہولت کے لئے چھوٹا سا کچن بھی بنایا جائے گا۔علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کیلئے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کرلیاہے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کے تمام انٹری پوائنٹس پر موثر ویکسی نیشن کمپین کرنے کی ہدایت کی اور پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے جامع اور موثر ویکسی نیشن کمپین کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس میں پنجاب میں موبائل اور مائیگرنٹ پاپولیشن کی ٹریکنگ اور رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ ویکسی نیشن مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں پولیو کے خاتمے کی ویکسی نیشن مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے مائیکرو پلان اورپنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کومکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے ۔ ویکسی نیشن مہم کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کررہی ہوں۔ عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے ہی پولیو وائرس کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔ ویکسی نیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چین بھی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویش ناک امر ہے ۔پولیو ویکسی نیشن کے حوالے سے کمزور اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں