وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری متوقع
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودہ کی منظوری متوقع ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے ہوگا جس میں کابینہ 26 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ منظور کرے گی، بعض تبدیلیوں کے بعد کابینہ سے ترمیمی بل کی منظوری لی جائے گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں ڈرافٹ کو حتمی شکل دی گئی ہے، مولانا فضل الرحمان کے مسودے کو بھی ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئینی ترامیم کے بل کی منظوری دیئے جانے کا امکان تھا۔
دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے جب کہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے ہوگا۔