اپنی چھت اپنا گھر:850شہریوں کو 60کروڑادا:دعا ہے ہر پاکستانی کو گھر کی نعمت ملے:مریم نواز کا تہنیتی خط

اپنی چھت اپنا گھر:850شہریوں کو 60کروڑادا:دعا ہے ہر پاکستانی کو گھر کی نعمت ملے:مریم نواز کا تہنیتی خط

لاہور (سٹی رپورٹر،اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کامیابی سے جاری ہے ،پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 850سے زائد درخواست دہندگان شہریوں کو گھر بنانے کے لئے 60کروڑ روپے کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل ہوگئی ہے ۔

پہلے مرحلے میں قرض حاصل کرنے والے شہریوں کے بیشتر گھر تکمیل کے قریب پہنچ گئے اور21اگست سے 31 اگست تک درخواست دینے والوں کی تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ارکان اسمبلی کو ڈپٹی کمشنر کے ساتھ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر بنانے والے شہریوں کے پاس خود جانے کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی درخواست دہندگان کوگھر گھر جاکر وزیر اعلیٰ کی طرف سے مبارکباد کا خصوصی لیٹر بھی دیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے خصوصی لیٹر میں اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کی رقم منظور ہونے پر مبارکباد دی ۔ وزیراعلیٰ نے تہنیتی خط میں لکھا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی پہلی قسط اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے بعدآپ اپنے گھر کی تیزی سے تعمیر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خواہش کااظہار کیا کہ دعا ہے کہ ہر بے گھر پاکستانی کو گھر کی نعمت میسر ہو۔ انہوں نے مزید لکھا ترقی اور خوشحالی کے سفر میں نوازشریف، شہباز شریف اور ہم سب آپ کے ہمقدم ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرار دیا ہے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات میں اضافہ ہورہا ہے ،ہمارا ملک بھی شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہورہا ہے ۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی تیاریوں میں تیزی لانی ہوگی۔سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا سونامی کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مزیدبہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ حکومت پنجاب نے جامع موسمیاتی پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات کی صورت میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں