پنجاب کو سیاحتی ہب بنا رہے ہیں، سرمایہ کاروں کو ویلکم کریں گے: مریم نواز
لاہور(اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپین سینیٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت اور سیاحت کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر معاشی تعاون، کلائمیٹ چینج، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ اور ماحولیاتی آلودگی پر اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے سپین کے شہر ویلنسیا میں سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور تعاون کی پیش کش کی۔ انہوں نے سپین کی جانب سے پاکستان میں فلڈ رسپانس پلان کے تحت ریلیف پیکیج کو سراہا۔ملاقات میں ہسپانیہ کے شہر قرطبہ میں علامہ اقبال سے منسوب سٹریٹ کا بھی ذکر کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپین یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا ایکسپورٹ پارٹنر ہے ، باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے سپین کی حمایت کو دل سے سراہتے ہیں۔سپین کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ کے لئے ارلی وارننگ سسٹم اور ریسکیو سروسز پر ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا پارلیمانی ڈپلو میسی کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں،پنجاب کو سیاحتی ہب بنارہے ہیں ، سپین کے سرمایہ کاروں کو ویلکم کریں گے ۔
مریم نواز نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی پیکیج مرتب کیا جا رہا ہے ۔ویمن امپاورمنٹ پر خصوصی فوکس کر رہے ہیں،خواتین ارکان اسمبلی کی تعداد پہلے سے بڑھ چکی ہے ۔سپین کے پارلیمانی وفد نے کہا وزارت اعلیٰ کے منصب پر خاتون کا ہونا نہایت خوش آئند ہے ، مریم نواز خوش اسلوبی سے صوبے کے معاملات کو سرانجام دے رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بچوں پر تشدد، استحصال، بدسلوکی کے تدارک اور بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا بچے میری ریڈ لائن ہیں انکے خلاف ہر قسم کے تشدد کا تدارک کریں گے ۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا والدین بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں، کھل کر بات کریں اور خیال رکھیں۔معاشرے میں کچھ بچوں کا بدسلوکی، استحصال اور تشدد کا شکار ہونا افسوسناک ہے ۔ہر قسم کا استحصال بچوں کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی نشوونما کو متاثر کرتا ہے ۔بچوں پر تشدد شخصیت اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب کرتاہے اس کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا بچوں کی حفاظت اور بروقت امداد کیلئے پاکستان کا پہلا ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔