ٹی ٹونٹی سیریز : آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو وائٹ واش کی ہزیمت کا سامنا
ہوبارٹ (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ٹی20 انٹرنیشنل میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا۔۔
سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 18.1 اوور میں 117 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی، پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔جواب میں آسٹریلیا نے جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے مطلوبہ ہدف 11.2 اوورز میں صرف 3 وکٹوں پر ہی پورا کرلیا۔کینگروز کی جانب سے جیک فریزر میک گرک، میتھیو شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا، وہ بالترتیب 18 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان جوش انگلس بیٹنگ کے لیے آئے اور 27 رنز کی اننگز کھیلی تاہم مارکس سٹوئنس نے پاکستانی بالرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے ٹی20 اور ون ڈے کے کامیاب با لر حارث رؤف کو بھی نہ بخشا اور ایک ہی اوور میں انہیں دو چھکے اور 2 چوکے لگاکر 21 رنز بٹورے ۔ مارکس سٹوئنس نے 27 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغاز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، فرحان 9 رنز،حسیب اللہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے ، سلمان آغاز ایک رن بنا پائے ۔ بابراعظم کی 41 رنز پر ہمت جواب دے گئی ۔آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی 3، ایڈم زمپا اور سپینسر جانسن 2،2 جب کہ نیتھن ایلس ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔