چیمپئنز ٹرافی: ملک کی عزت پہلے ، بھارت کو تحفظات ہیں تو رابطہ کرے : محسن نقوی

چیمپئنز ٹرافی: ملک  کی  عزت  پہلے ، بھارت  کو  تحفظات  ہیں  تو  رابطہ  کرے  :  محسن نقوی

لاہور (سپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہاہے کہ مجھے سب اچھے کی امید ہے ،ملک کی عزت سب سے پہلے ہے ،چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے ۔۔

بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے ، ہم بھارت کے تحفظات دور کریں گے کیونکہ میرا نہیں خیال کہ کوئی ایسی وجہ ہے جس کی وجہ سے انڈین ٹیم نہ آسکے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ، باقی باتیں بعد میں ہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے ، ہمارا رابطہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ہے ، مجھے سب اچھے کی امید ہے ، کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور رہیں گے ، آئی سی سی جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا، ہمیں اپنا کام مکمل کرنا ہے اس لئے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے ،ا س پر آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے ،آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے حوالے سے خود سوچنا پڑے گا، وہ دنیا بھر کی کرکٹ باڈیز کی ایک باڈی ہے ۔ان کا کہناتھاکہ چیمپئنز ٹرافی ٹورمنسوخ نہیں ،ری شیڈول ہوا ہے ،قذافی سٹیڈیم میں ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہو جائے گا،تمام انکلوژرز قائم رہیں گے ، کوئی انکلوژر ختم نہیں کیا جا رہا ۔محسن نقوی نے کہا کہ عاقب جاوید سے چیمپئنز ٹرافی تک عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی درخواست کی ہے ، ہم نہیں چاہتے کہ جلدی میں کوئی اور کوچ لے آئیں اور پھر کوئی چیز ہو،عاقب جاوید صرف وائٹ بال کے عارضی کوچ ہیں، کوچ کا پراسیس جلد شروع کریں گے ۔ وہاب ریاض مسلسل کام کر رہے ہیں کسی کو ہٹایا نہیں تھا، محمد یوسف کو بھی کہیں جانے نہیں دے رہے ، میں کرکٹرز کو اکٹھا کر رہا ہوں، جانے کیسے دوں گا، عبدالرزاق بھی میرے لئے بہت اہم ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں