یوکرین کے علاقے اوڈیسا پر روسی حملے ،15 ہلاک ،50زخمی

یوکرین کے علاقے اوڈیسا پر روسی حملے ،15 ہلاک ،50زخمی

اوڈیسا(اے ایف پی)جنوبی یوکرین کے شہر اوڈیسا پر روسی حملے میں 15افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے ۔ بحیرہ اسود کے علاقے کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔

 چار افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔دوسری جانب روس نے 59 یوکرینی ڈرون مار گرا نے کا دعویٰ کیا ہے ۔ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے کہا کہ ڈرون حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں کریملن نے کہا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن کیف کو روس کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے واشنگٹن کی طرف سے فراہم کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو استعمال کرنے کی اجازت دیکر یوکرین میں جنگ کو بڑھا رہےہیں ۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ماسکو میں میڈیا کو بتایا کہ سبکدوش ہونے والی امریکی انتظامیہ آگ کو ہوا دینے اور اشتعال انگیزی کو جاری رکھنے کے لیے اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ادھر سویڈن اور فن لینڈ نے پیر کے روز اپنے شہریوں میں تقریباً 50 لاکھ پمفلٹ تقسیم کرنا شروع کر دئیے جن میں روس کیخلاف جنگ کے امکان کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی گئی ہے ، فن لینڈ نے اپنے شہریوں کو جنگی تیاریوں کی رہنمائی کیلئے ایک ویب سائٹ کا آغاز کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے سٹاک ہوم نے بارہا سویڈن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کی سنگین سکیورٹی صورتحال کے باعث جنگ کے امکان کے لیے ذہنی اور لاجسٹک دونوں طرح سے تیار رہیں۔جرمنی نے پیر کو کہا کہ وہ یوکرین کو اے آئی 4ہزار گائیڈڈ ڈرون فراہم کر رہا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں