اسرائیلی حملے ،غزہ 76،لبنان میں 30شہید،سینکڑوں زخمی
غزہ،بیروت (اے ایف پی،رائٹرز)گزشتہ 24گھنٹے کے دوران اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 76جبکہ لبنان میں 30افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک کم ازکم 43ہزار 922فلسطینی شہید ،1لاکھ3ہزار 898زخمی ہو چکے ۔ لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ وسطی بیروت پر اسرائیلی حملوں میں 30 افراد شہید،متعدد زخمی ہوئے ، بیروت میں راس النبا اور طائر پر حملوں میں خاتون سمیت 18 افراد شہید اور48زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ حزب اللہ نے مغربی گلیلی کے علاقوں میں 100 پروجیکٹائل فائر کئے جنہیں ملک کے فضائی دفاعی نظام نے روک لیا۔ اسرائیلی فائر فائٹرز نے کہا کہ شفرم میں ایک عمارت پر راکٹ حملے میں خاتون ہلاک جبکہ15 افراد زخمی ہوگئے ۔لبنانی دارالحکومت پر اسرائیلی حملوں میں تیزی کے بعد بیروت میں سکول بند کر دئیے گئے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے وزیراعظم نیتن یاہو کو بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی حالت نازک ہے ، ان کی رہائی کیلئے اب جنگ بندی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ۔نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں اسرائیلی حملے میں ایرانی جوہری پروگرام کوجزوی نقصان پہنچا۔ ادھر یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر کے قریب سے گزرنے یا اسرائیلی بندرگاہوں کو استعمال کرنے والی جرمن شپنگ فرموں کے جہازوں کو نشانہ بنانے کی وارننگ دی ہے ، جرمن جہاز مالکان کی ایسوسی ایشن وی ڈی آر نے کہا کہ حوثیوں نے ایک ای میل کے ذریعے تجارتی جہازوں پر حملے کی دھمکی دی ہے ۔