ہسپتال سے مریضوں کو ایڈزلگنا برداشت نہیں،ڈاکٹرز متاثرین کو ہرجانہ اداکریں:مریم نواز

ہسپتال سے مریضوں کو ایڈزلگنا برداشت نہیں،ڈاکٹرز متاثرین کو ہرجانہ اداکریں:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز)ڈائیلسز کے دوران ایڈز پھیلنے کے مجرمانہ غفلت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سخت ایکشن لیتے ہوئے نشتر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد کاظم سمیت6 ڈاکٹر وں اور ہیڈنرس کومعطل کر دیا جبکہ ڈاکٹروں کوایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ان کا کہناتھاکہ علاج کیلئے آنے والے لوگ سرکاری ہسپتال سے ایڈز لیکر جائیں،یہ قطعاً برداشت نہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال جاکرڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ کی خود جانچ پڑتال کی،انہوں نے نشتر ہسپتال کے وائس چانسلر، پرنسپل، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، اسسٹنٹ پروفیسر، ہیڈ ایڈز کنٹرول پروگرام اور دیگر سے ان کا موقف سنا۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ایڈز، ہیپاٹائٹس کے ہر تین ماہ بعد لازمی ٹیسٹ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی،پروٹوکول کے برعکس پرائیویٹ لیبارٹریز سے ایڈز ٹیسٹ کرائے گئے ۔ ایڈز ثابت ہونے کے باوجود وارڈ کے ڈاکٹر اور سٹاف نے واقعہ چھپانے کی کوشش کی۔ ڈسپوزیبل ڈائیلسز کٹ،ڈائی لائیزر کو مختلف مریضوں کے لئے بار بار استعمال کرنا، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور سینئر ڈاکٹر کا کئی کئی ہفتے وارڈ کا وزٹ نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو پیڈا ایکٹ کے تحت ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اورڈاکٹروں کو غفلت ثابت ہونے پرایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایڈز پھیلنے کے واقعہ میں مجرمانہ غفلت برتی گئی، سارے وسائل ہیلتھ کے لئے وقف کر دئیے لیکن رزلٹ مثبت نہیں آرہے ، علاج کے لئے آنے والے لوگ سرکاری ہسپتال سے ایڈز لیکر جائیں یہ قطعاً برداشت نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وارڈز میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اورسینٹری ورکر کی شکایت پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ دریں اثنا وزیراعلی ٰ کو خصوصی اجلاس میں ملتان ڈویژن میں امن امان، عوامی اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مریم نواز نے بچوں کو کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کے لئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ،انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر حکام کو دیہات میں جا کر صفائی کے انتظامات چیک کرنے اور کتے کے کاٹنے کے واقعات پر مکمل قابو پانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے شر پسند عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں